تراجہ بل چرار شریف میں عملے اور فورسز اہلکاروں کو لوگوں نے یرغمال بنایا لوگوں کو منتشر کرنے کیلئے فورسز نے کئی منٹوں تک ہوائی فائرنگ کی اور عملے کو بحفاطت باہر نکال کر محفوظ مقام تک پہنچایا

سرینگرچرار شریف کے میونسپل کمیٹی دفتر میں موجود پولنگ اسٹیشن کے عملہ کو لوگوں نے صبح نو بجے سے دوپہر دو بجے تک یرغمال بنایا ۔ معلوم ہوا ہے کہ چاڈورہ میں حالات خراب ہونے کے باعث فورسز کو چرا رشریف تک پہنچنے میں کافی وقت لگا اس دوران عملہ اور حفاظت پر مامور اہلکاروں کو ایک کمرے میں بند رکھ کر دروازے پرتالا چڑھایا گیا۔ اس دوران دو بجے کے قریب پولیس وفورسز کی بھاری جمعیت نے یرغمال بنائے گئے اہلکاروں کو باہر نکالنے کیلئے کئی منٹوں تک ہوائی فائرنگ کی جس کے بعد لوگ منتشر ہوئے ۔ جے کے این ایس نمائندے کے مطابق تراجہ بل چرار شریف میں اُس وقت عجیب و غریب صورتحال دیکھنے کو ملی جب میونسپل کمیٹی دفتر میں تعینات سی آر پی ایف اہلکاروں اور پولنگ عملے کو لوگوں نے یرغمال بنایا۔ نمائندے کے مطابق صبح نو بجے کے قریب نوجوانوں کی کثیر تعداد نے میونسپل کمیٹی دفتر کو گھیرے میں لے کر فورسز اہلکاروں اورالیکشن ڈیوٹی پر مامور عملے کو یرغمال بنا کر شدید پتھراو کیا ۔ معلوم ہوا ہے کہ فورسز اہلکار اس قدر خوف ودہشت میں مبتلا ہو گئے کہ انہیں سمجھ میں ہی نہیں آیا کہ اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کو کیسے منتشر کیا جائے ۔ نمائندے کے مطابق ڈھائی بجے کے قریب پولیس وفورسز کی بھاری جمعیت جونہی تراجہ بل چرار شریف کے مقام پر پہنچے اس دوران لوگوں کی کثیر تعداد کو منتشر کرنے کیلئے فورسز نے ٹیر گیس شلنگ کے ساتھ ساتھ کئی منٹوں تک ہوائی فائرنگ کی جس کی وجہ سے پورے قصبہ میں خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا تاہم نوجوانوں نے فورسز پر سنگبازی کا سلسلہ جاری رکھا۔ معلوم ہوا ہے کہ اس دوران صدر بازار چرار شریف ، اولڈ بس اسٹینڈ، گلشن آباد ، علمدار بستی میں بھی لوگوں نے فورسز پر پتھراو کیا جس دوران فورسز نے ہوائی فائرنگ کی۔نمائندے کے مطابق پانچ گھنٹے کی مشقت کے بعد میونسپل کمیٹی چرار شریف میں موجود پولنگ عملے اور فورسز اہلکاروں کو کڑے حفاظت حصار کے بیچ باہر نکالا گیا تاہم لوگوں نے اس دوران بھی پتھراو کیا جس کی وجہ سے کئی سی آر پی ایف اہلکار زخمی ہوئے ۔ نمائندے کے مطابق فورسز اہلکاروں نے لوگوں کے غیض و غضب سے بچنے کیلئے کئی منٹوں تک ہوائی فائرنگ کی اور عمل کو بحفاظت باہر نکال کا چاڈورہ پولیس اسٹیشن پہنچایا۔