نائب وزیر اعلیٰ کاشہر سرینگر کا تفصیلی دورہ بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو جلد از جلد بحال کرنے کی ہدایت

اڑان نیوز
سرینگر//نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے بجلی محکمہ کے افسروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ وادی میں حالیہ بارشوں کی وجہ سے بجلی شعبے کو ہوئے نقصان کی فوری طور پر بحالی کو یقینی بنائیں تاکہ لوگوں کو دِقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔نائب وزیراعلیٰ نے یہ ہدایات آج سرینگر میں ایک جائزہ میٹنگ کے دوران دیں جس میں وادی میں بارشوں کی وجہ سے پیدا شدہ سیلاب جیسی صورتحال کے تناظر میں بجلی شعبے کا جائزہ لیا گیا ۔کمشنر سیکرٹری پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ دھیر ج گپتا ، چیف انجینئر ای ایم اینڈ آر ای شہناز گونی کے علاوہ کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔ڈاکٹر سنگھ نے افسروں سے کہا کہ وہ بجلی کے ڈھانچے کو جلد از جلد مکمل کرنے کےلئے آپسی تال میل بنائے رکھیں۔ انہوں نے زمینی سطح پر صورتِ حال پر نظر رکھنے کے لئے ایک کنٹرول روم قائم کرنے کی بھی ہدایت دی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ تباہ شدہ بنیادی ڈھانچے کی فوری طور بحالی کی طرف توجہ دی جارہی ہے۔اس کے علاوہ فیلڈ عملے کو بھی ہدایت دی گئی کہ وہ لوگوں کو درپیش مسائل کا فوری طور سے ازالہ کریں۔ نائب وزیر اعلیٰ نے صورتحال کا بذاتِ خود جائزہ لینے کےلئے شہر سرینگر کا تفصیلی دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ کمشنر سیکرٹری مکانات و شہری ترقی ہردیش کمار ،وی سی، ایس ڈی اے تحسین مصطفی ، کمشنر سرینگر میونسپل کارپوریشن ڈاکٹر شفقت خان اور انتظامیہ کے کئی اعلیٰ افسران بھی تھے۔نائب وزیر اعلیٰ نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ شہر کے مختلف علاقوں سے نکاسی آب کو جلد از جلد مکمل کریں ۔ انہوںنے کہا کہ اس کام پر اضافی پمپوں کو لگایا جانا چاہئے۔نائب وزیراعلیٰ نے شیخ باغ اور پریس کالونی کا بھی دورہ کیا اور وہاں کثیر سطحی پارکنگ تعمیر کرنے کے کام کا بھی جائزہ لیا ۔ انہوںنے ان پروجیکٹوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی تاکہ شہر سرینگر میں ٹریفک کی گنجانیت کو کم کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ عمل آوری ایجنسیوں کو متواتر طور میٹنگیں منعقد کرنی چاہئیں تاکہ ترقیاتی پروجیکٹوں کو ایک معیاد بند مدت کے اندر مکمل کیا جاسکے۔