کانگرس ایک ڈوبتی کشتی ہے: ذوالفقار اچھبل شانگس میں عوامی جلسہ سے خطاب، کہا جو پارٹی خود تناﺅ کا شکار ہے وہ لوگوں کے مسائل کیا حل کرسکتی ہے

شانگس اننت ناگکانگرس کو بنا لیڈڑ پارٹی قرار دیتے ہوئے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی لیڈر و وزیر برائے خوراک ، شہری رسدات و امور صارفین چودھری ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ لوگوں کو ڈوبتی کشتی میں سوار نہیں ہونا چاہئے اور اس جماعت کا ساتھ نہیں دینا چاہئے جو اسکنڈلوں کےلئے ماضی میں مشہور رہی ہے۔ اچھبل شانگس کے مقام پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے چودھری ذوالفقار علی نے بتایا کہ کانگرس اس وقت اندرونی انتشار کا شکار ہوگئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دیگر ریاستوں میں حالیہ اسمبلی انتخابات میں ہوئی کراری ہار سے یہ پارٹی کبھی بھی ابھر نہیں پائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس ہار کا پارٹی کو ایسا چھٹکا لگا ہے کہ پارٹی بنا لیڈڑ شپ کے لگ رہی ہے اور اندرونی انتشار کے چلتے جماعت کے اندر کافی تناﺅ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جو جماعت اندرونی پریشانی سے دو چار ہے وہ لوگوں کو پریشانی سے باہر لانے میں کیسے مدد گار ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو یہ بات سمجھ لینی چاہئے کہ کانگرس خود کی مدد کرنے کی کوشش کررہی ہے لیکن ان سے اپنا آپ نہیں سنبھالا جارہا ہے تو لوگوں کی مدد کس طرح سے کر پائیں گے۔ کانگرس کے نائب صدر راہل گاندھی کو ناکام لیڈر قرار دیتے ہوئے چودھری ذوالفقار علی بتایا کہ کانگرس میں راہل کارڈ بالکل ناکام ہوچکا ہے اور اب پارٹی کے اندر ایک عجیب و غریب صورت حال ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جس پارٹی کو کوئی لیڈر ہی نہیں ہے وہ پارٹی لوگوں کے کام کیسے کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگرس پارٹی کی لگاتار سے ہار سے اس کی حالت ڈوبتی کشتی کی طرح ہوگئی ہے اور لوگوں کو معلوم ہے کہ انہیں ڈوبتی کشتی میں سوار ہونا کتنا مہنگا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ یہ وہی جماعت ہے جس کے 10سالہ دور میں ملک کی ترقی ۔جی ڈی پی6فیصدسے4.4فیصد پہنچ گئی ہے کیونکہ سارا روپے اسکینڈل ہوگیا تھا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ کانگرس کا دور سکینڈلوں کا دور تھا جس میں کوئلہ گھوٹالہ سے لیکر، 2Gاسپیکٹرم گھوٹالہ ہو یا پھر سریش کلماڈی والا کامن ویلتھ گیمنز والا اسکینڈل ہو، اس سرکار میں صرف اسکینڈل دیکھنے کو ملے ہیں اور زمینی سطح پر انہوں نے پورے ملک کو تباہی کے دہانے پر کھڑا کیا ہوا تھا۔ چودھری ذوالفقار علی نے بتایا کہ لوگوں کو ایسی ڈوبتی ہوئی کشتی میں سوار ہونے سے پہلے سوچنا چاہئے۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے برعکس ان کے پاس تصدق مفتی جیسا لیڈر موجود ہے جس کے پاس اپنے والد مفتی محمد سعید کی سوچ ہے اور اسی سوچ کیساتھ وہ ریاست کو ترقی کی راہ پر آگے لیجانے کےلئے گامزن ہے اور ریاست میں ترقی، خوشحالی ، امن و آشتی چاہتا ہے اور لوگوں کےلئے عزت کا خواہاں ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ لوگوں کو تصدق مفتی کو کامیاب بنانا چاہئے۔ چودھری ذوالفقار علی کے ہمراہ کھادی ولیج بورڈ کے وائس چیرمین پیر زدہ منصور بھی موجود تھے جنہوں ھے اس موقعے پر کانگرس اور نیشنل کانفرنس کی جم کی مخالفت کی اور ان کے دور کو لوگوں کو یاد دلایا۔ انہوں نے پی ڈی پی کے حق میں لوگوں سے ووٹ مانگے۔