ریاست میں تعلیمی معیار کو فروغ دینے کیلئے حکومت اور غیر سرکاری تنظیموں کے درمیان اشتراک لازمی:اسمبلی سپیکر

جموں//قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کویندر گپتا نے کہا ہے کہ سرکاری سکولوں کے تعلیمی اداروں میں تعلیمی معیار کو بلندیوں تک پہنچانے اور سرکار کی طرف سے شروع کئے گئے اقدامات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لئے حکومت اور غیر سرکاری تنظیموں کے مابین تعاون ضروری ہے۔گورنمنٹ ہائی سکول دیلی میں روٹری کلب کی طرف سے منعقدہ ایک تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے کویندر گپتا نے کہا کہ غیر سرکاری تنظیمیں اور حکومت دو ایسے اہم ستون ہےں جو نوجوانوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کر کے قوم کی تعمیر میں ایک اہم رول ادا کرسکتے ہیں۔ا نہوں نے کہا کہ غیر سرکاری تنظیمیں حکومت کی طرف سے شروع کی گئی سکیموں کو مستحقین تک پہنچانے کے لئے اور ان کا دائرہ کار وسیع کرنے میں بھی معاون ثابت ہوسکتی ہے۔کویندر گپتا نے کھیل سرگرمیوں کو سکول نصاب کا ایک اہم جزبنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کی مجموعی نشو و نما کی طرف خصوصی توجہ دی جانی چاہئے۔انہوںنے سرکاری سکولوں میں بچوں کے بڑھتے اندراج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان سکولوں میں پرائیویٹ سکولوں کی طرز پر سہولیات بہم رکھی جانی چاہئے تاکہ زیادہ سے زیادہ طلاب کو ان کی جانب راغب کیا جاسکے ۔انہوںنے کہاکہ اس سکول میں سہولیات کو بڑھاوا دینے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ا نہوںنے ادارے میں شجر کاری مہم شرو ع کرنے کی اہمیت کو بھی اُجاگر کیا۔اس موقعہ پر ناظم تعلیم جموں ببیلا رکھوال اور کچھ دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔