جموں کو اعلیحدہ ریاست بنانے کی مانگ جموں وکشمیر نیشنل پینتھرز پارٹی کی مہم جموں پہنچی

اڑان نیوز
جموں // جموں و کشمیر نیشنل پینتھرز پارٹی کے صدر بلونت سنگھ منکوٹیا کی جانب سے اودھم پور میں شروع کی گئی الگ جموں ریاست کا مطالبہ کو لیکر ”انصاف و حقوق“ کے نام سے چھ روزہ مہم جموں پہنچی۔ اس سلسلہ میں منکوٹیا کی صدارت میں دومانہ ، مشری والا، محلہ مشیری والا ، کنگر ، کوٹ بلوال، گروٹہ اور راج پورہ میں میٹنگیں منعقد ہوئی جن میں منکوٹیا نے کہا کہ تمام سیاسی پارٹیاں جموں کے قوم پر ست لوگوں کے جذبات کو سمجھنے اور ان کو درپیش مشکلات کا ازالہ کرنے میں ناکام ثابت ہوئیں ۔ جس طرح کا امتیاز جموں صوبہ کے عوام سے روا رکھا جارہا ہے ۔ اس امتیاز کو ختم کرنے کا واحد راستہ جموں کے لئے الگ ریاست کا درجہ حاصل کرنا ہے اس لئے جموں کے تمام لوگوں کا فرض ہے کہ اپنے ساتھ ہورہے امتیاز کے خاتمہ کے لئے پینتھرز پارٹی کی آواز میں آواز ملا کر جموں کے لئے الگ ریاست کا درجہ حاصل کرنے کے لئے پینتھرز کا ساتھ دیں ۔