جموں کی ترقی میں سرعت لائی جارہی ہے:نائب وزیر اعلیٰ بس اڈہ پروجیکٹ کی تعمیرپر200کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں

اڑان نیوز
جموں//نائب وزیرا علیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کل کہا کہ جموں شہر کی ترقی کے لئے جامع اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ اس کو ملک کے ترقی یافتہ شہروں کی فہرست میں شامل کیا جاسکے جہاں ہر قسم کی سہولیات دستیاب ہوں۔نائب وزیر اعلیٰ جموں شہر کے روپ نگر علاقے میں جے ڈی اے کلب میں ایک اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقعہ پر صحت و طبی تعلیم کے وزیر بالی بھگت کے علاوہ ضلع انتظامیہ اور جے ڈی اے کے افسران بھی موجود تھے۔جموں شہر میں مکانات و شہری ترقی محکمہ کی جانب سے اٹھائے جارہے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں سرعت لائی گئی ہے تاکہ لوگوں کی مشکلات کا ازالہ کیا جاسکے۔انہوںنے کہا کہ 200کروڑ روپے مالیت کے بس سٹینڈ پروجیکٹ میں تیزی لائی گئی ہے اور اس کو وقت مقررہ کے اندر مکمل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس سے جموںشہر میں ٹریفک جامنگ سے چھٹکارا ملے گا اور پارکنگ کی سہولیات بھی دستیاب رہے گی۔ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کہا کہ توی ریور فرنٹ پروجیکٹ کی بروقت تکمیل کے لئے ہدایات دی گئی ہیں۔انہوںنے کہا کہ تاریخی مبارک منڈی پروجیکٹ پر کام جاری ہے اور اس کی تکمیل سے جموںمیں سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔انہوںنے مزید کہا کہ جموں کو عنقریب مرکزی حکومت کے سمارٹ سٹی پہل کے دائرے میں لایا جائے گاجس سے شہر میں ترقیاتی پروجیکٹوں میں تیزی آئے گی ۔انہوں نے کہاکہ جموں میں امرت کے تحت مختلف منصوبو ں پر کام شروع کیا گیا ہے۔مقامی افراد کی مانگوں کے جواب میں نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ روپ نگر کالونی میں مختلف عوامی سہولیات کے کاموں کے لئے پہلے ہی متعلقین کو ہدایات دی گئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کالونی میں 2 کروڑ 6 لاکھ روپے مالیت کے مختلف کام جاری ہیں۔صحت و طبی تعلیم کے وزیر بالی بھگت نے جموں شہر کی ترقی کے لئے سرکار کی طرف سے کئے گئے اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے عوام کو مختلف اقدامات کی مو¿ثر عمل آوری میں اپنا رول ادا کرنے کی تلقین کی۔ بعد میں نائب وزیر اعلیٰ نے کالونی میں جاری مختلف کاموں کا معائینہ کرتے ہوئے کاموں میںمعیار بنائے رکھنے کی ہدایت دی۔ اُنہوںنے کاموں کی تکمیل میں غیر معیاری مواد کا استعمال کرنے والوں کے سخت کارروائی کرنے کے احکامات دئیے۔