انڈیا کی وزیرِ خارجہ سشما سوراج نے کہا ہے کہ ان کا ملک پاکستان میں قید اپنے شہری کلبھوشن یادو کو سزائے موت سے بچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔
گذشتہ برس مارچ میں بلوچستان سے حراست میں لیے جانے والے انڈین بحریہ کے افسر کلبھوشن یادو کو پاکستان کے خلاف جاسوسی اور دیگر الزامات کے تحت فوجی عدالت میں کورٹ مارشل کے بعد سزائے موت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
دہلی سے نامہ نگار شکیل اختر کے مطابق منگل کو ایوانِ بالا یعنی راجیہ سبھا میں خطاب کرتے ہوئے انڈین وزیرِ خارجہ نے پاکستان کو متنبہ بھی کیا کہ کلبھوشن کی سزا پر عمل کیا گیا تو یہ اقدام دو طرفہ تعلقات کے لیے نقصان دہ ثابت ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘میں پاکستانی حکومت کو خبردار کرتی ہوں کہ وہ اس معاملے پر آگے بڑھنے سے قبل اس کے ہماری دوطرفہ تعلقات پر پڑنے والے اثرات پر غور کر لے۔’
سشما سوراج نے اپنے خطاب میں کلبھوشن کو ‘ملک کا بیٹا’ قرار دیا اور کہا کہ ان پر عائد کیے گئے الزامات من گھڑت ہیں۔
نامہ نگار کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ کلبھوشن کو ایران سے اغوا کیا گیا تھا، ‘وہ بےقصور ہے اور یہ سارا ڈرامہ انڈیا کو بدنام کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔’
انھوں نے اراکینِ پارلیمان کو یقین دلایا کہ ‘انڈین حکومت نہ صرف سپریم کورٹ میں مقدمہ لڑنے کے لیے کلبھوشن کو بہترین وکلا مہیا کرے گی بلکہ انھیں بچانے کے لیے کسی بھی حد تک جائے گی۔’
انڈین میڈیا کے مطابق سشما سوراج کا یہ بھی کہنا تھا کہ ‘ہم اس معاملے کو پاکستانی صدر تک بھی لے جائیں گے۔’
خیال رہے کہ پیر کو سزا کی خبر سامنے آنے کے بعد انڈیا کی وزارتِ خارجہ نے کہا تھا کہ اگر کلبھوشن یادو کی سزا پر عملدرآمد کیا گیا تو اسے ‘سوچے سمجھے طریقے سے کیا گیا قتل’ تصور کیا جائے گا۔
حقوقِ انسانی کی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی کلبھوشن کو سزائے موت سنائے جانے پر شدید نکتہ چینی کی ہے۔
ایمنسٹی نے کہا ہے کہ کلبھوشن کو موت کی سزا دینے سے ایک بار پھر یہ واضح ہو جاتا ہے کہ پاکستان کی فوجی عدالتوں کا نظام کس طرح بین الاقوامی اصولوں کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔