بانہال تیز بارشوں اور طوفانی ہواﺅں کی وجہ سے جہاں جموں سرینگر شاہراہ پر آج دوسرے روز بھی ٹریفک کی ننقل و حمل ٹھپ رہی وہیں ضلع رام بن کے بانہال ، رام بن ،بٹوت گول ،سنگلدان ،چندرکورٹ رامسو ،پوگل پرستان اور دیگر علاقوں میں بھاری تباہی مچا دی ہے ۔ تیز ہواﺅں سے درجنوں رہائشی مکانات اور سکولوں کے چھت اُر کر تباہ ہو گئے ہیں۔ زرائع کے مطابق بانہال کے نالوں میں پانی کے بہاﺅ میں تیزی اور اضافے کی وجہ سے کئی پھل دار و دیگر درخت ان نالوں کے پانی کی نظر ہو گئے ہیں ۔ کئی درخت ماکنوں پر گر جانے کی وجہ سے ان مکانوں کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔ بانہال کے ناگام ڈولیگام رابطہ سڑک کا ایک حصہ ڈولیگام نالے کے پانی کے تیز بہاﺅ کی وجہ سے بہہ گیا ہے جبکہ اس سڑک پر کھڑی دو گاڑیاں بھی اس نالے میں بہہ گئی ہیں ۔زرائع نے تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں درجنوں مکانوں کے چھت اُڑ گئے ہیں جبکہ کئی پر درخت گر نے سے انہیں نقصان پہنچا ہے تاہم کسی بھی علاقے سے کسی جانی نقصان کی کوئی بھی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق بانہال کے منگت علاقے میں ایک درجن سے زائید مکانوں کو نقصان پہنچا ہے جس میں احد لون ساکنہ کڈجی منگت کا مکان مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے ۔ اس کے علاوہ بانہال میں مشتاق احمد وانی کے مکان کا چھت اُڑ گیا ہے ۔اس کے علاوہ پریمری سکول بٹرو ہنگی ، پریمری سکول کاونہ ، چندرکورٹ آخرن کے چھت اُڑ گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ضلع کے مختلف علاقوں میں زمین کھسک جانے کا سلسلہ بھی جاری ہے جس کی وجہ سے اس میں کئی رہائشی و دیگر عمارتیں اس کی زد میں آرہی ہیں ۔ اد ھر جموں سرینگر شاہراہ پر آج دوسرے روز بھی ٹریفک نظام ٹھپ رہا ۔ شاہراہ کے مختلف مقامات پر گر آئی پسیاں اور پتھروں کے باعث شاہراہ پر رام بن اور چندرکورٹ میں سینکڑوں مسافر درماندہ ہو کر رہ گئے ہیں ۔ مقامی لوگوں اور رضاکاروں کی طرف سے رام بن میں درماندہ مسافروں کے لئے لنگر کا اہتمام بھی کیا گیا ہے ۔ شا ہراہ پر معمور تعمیراتی ایجنسیاں اگر چہ شاہراہ پر گر آئی پسیوں اور پتھروں کو ہٹانے کی کوششیں کر رہی ہیں لیکن لگاتار بارشیں اور ہوائیں ان کے کام میں رکاوٹیں پیدا کر رہی ہیں ۔ اس طرح سے شام دیگر گئے تک بھی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحمل کو بحال نہ کیا جاسکا تھا ۔