جموں//ملک کی دیگر ریاستوں کے ساتھ ساتھ جموں وکشمیرریاست میں بھی بھارتیہ جنتا پارٹی کا37واں یوم تاسیس منایاگیا۔اس سلسلہ میں سب سے بڑی تقریب پارٹی صدر مقام تریکوٹہ نگر میں منعقد ہوئی جہاں سینکڑوں کی تعداد میں لیڈران، عہدادران وکارکنان نے شرکت کی۔ بھاجپا قومی نائب صدر اور پارٹی جموں وکشمیر انچارج اویناش رائے کھنہ مہمان خصوصی تھے ۔ پارٹی ریاستی صدر ست شرما، اسمبلی سپیکر کاویندر گپتا، زونل جنرل سیکریٹری جنوب شمالی ریاستوں اجے جموال، وزیر مملکت پریہ سیٹھی، ایم ایل سی اشوک کھجوریہ اور جنرل سیکریٹری ڈاکٹر نریندر سنگھ ودیگر سنیئرلیڈران کی موجودگی میں اویناش رائے کھنہ نے پارٹی کا جھنڈا لہرایا ۔ اپنے خطاب میں کھنہ نے کہاکہ 1980میں آج ہی کے دن پارٹی کی بنیاد رکھی گئی تھی ، اس کا نظریہ واصول صف میں کھڑے آخری آدمی تک کو نظر میں رکھ کر بنائے گئے تھے۔ پارٹی کا مقصد سماج وقوم کی بغیر بنیادی اصولوں سے سمجھوتہ کئے خدمت کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پنڈت دین دیال اوپادھایے، ڈاکٹر شامہ پرساد مکھرجی اور دیگر نیشنلسٹ لیڈران کی مدد سے جن سنگھ کی بنیاد رکھی گئی جس نے بعد میں بھاجپا کی جنم لیا۔انہوں نے کہاکہ آج بھاجپا مرکز کے علاوہ دیگر16ریاستوں میں اقتدار میں ہے۔صوبہ جموں کے دیگر اضلاع میں بھی ضلع، بلاک ، تحصیل سطح پر تقاریب منعقد ہوئیں۔ کھنہ نے کہاکہ پارٹی کے بنیادی اصول ہے کہ ملک اول، پارٹی دوم اور خود آخر ہے جس پر ہرایک کو عمل کرنا ہوگا۔