قانون ساز کونسل انتخابات 2017…. 6نشستوں کے لئے کل7امیدوار میدان میں، کاغذات نامزدگی آج داخل ہوگی نیشنل کانفرنس نے کشمیر سے آغا محمود اور کانگریس نے جموں سے بلبیر کو میدان میں اُتارا

قانون ساز کونسل انتخابات 2017….
6نشستوں کے لئے کل7امیدوار میدان میں، کاغذات نامزدگی آج داخل ہوگی
نیشنل کانفرنس نے کشمیر سے آغا محمود اور کانگریس نے جموں سے بلبیر کو میدان میں اُتارا
الطاف حسین جنجوعہ
جموں//17اپریل کوقانون ساز کونسل کی 6نشستوں پرہورہے انتخابات کے لئے حکمراں جماعتوں پی ڈی پی۔ بھارتیہ جنتا پارٹی اور حزب اختلاف نیشنل کانفرنس وکانگریس نے اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔ آج سبھی امیدوار یہاں سرمائی راجدھانی جموں میں قانون ساز اسمبلی کے سیکریٹری کے پاساپنے کاغذات نامزدگی داخل کریں گے۔کانگریس اور نیشنل کانفرنس نے 28مارچ کو اپنے امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے حزب اختلاف نے مشترکہ طور پر اپنے امیدوار کونسل انتخابات کے لئے میدان میں اتارے ہیں۔ نیشنل کانفرنس نے کشمیر سے آغامحمود اور کانگریس نے جموں سے بلبیر سنگھ کو امیدوار نامزد کیا ہے۔ کانگریس کشمیر میں نیشنل کانفرنس جبکہ جموں میں این سی کانگریس امیدوار کی بھر پور مدد کرے گی۔ آغامحمو د مرکزی کشمیر بڈگام ضلع کے طاقتور شیعہ رہنما ہیں۔ضلع کٹھوعہ سے تعلق رکھنے والے بلبیر سنگھ پہلے پی ڈی پی سے وابستہ تھے لیکن سال 2014میں انہوں نے پارٹی کو خیر آباد کہہ کر کانگریس کا دامن تھاما تھا۔ کونسل انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 29مارچ کوہے۔ کاغذات کی جانچ پڑتال30مارچ کو ہوگی جبکہ 3اپریل تک ممبران اپنے نام واپس لے سکتے ہیں۔ 17اپریل2017کو صبح9بجے سے شام4بجے تک ووٹنگ ہوگی۔جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے سیکریٹری ریٹرنگ افسر جبکہ اسمبلی کے ڈپٹی سیکریٹری کو اسسٹنٹ ریٹرنگ افسر ہیں۔بی جے پی نے تین نشستوں پر اپنے امیدوار کھڑے کئے ہیں جبکہ پی ڈی پی دو نشستوں پر لڑ رہی ہے۔ مخلوط حکومت نے ضلع پونچھ کی مخصوص نشست بھاجپا کودی ہے جہاں سے پردیپ شرما کو کھڑا کیاگیا ہے جن کی جیت صد فیصد طے ہے۔ کشمیر سے بھاجپا دیش کمار نہرو کو میدان میں اتارا ہے جبکہ آر ایس ایس کے سٹڈی سرکل سے وابستہ چوہدری وکرم رنداوا جموں کی غیر محفوظ نشست پر بطور بھاجپا امیدوار لڑیں گے۔ قانون ساز کونسل کی کل 6میںسے پی ڈی پی اور بی جے پی کی 4نشستوں پر جیت یقینی ہے، وہ پانچویں نشست بھی جیت سکتی ہے اگر آزاد اور دیگر جماعتوں سے وابستہ ممبران ان کا ساتھ دے دیتے ہیں۔پی ڈی پی نے جموں صوبہ کی محفوظ نشست پر راجوری سے تعلق رکھنے والے عبدالقیوم ڈار کو اپنا امیدوار نامزد کیا ہوا ہے۔ یاد رہے کہ قیوم ڈار اوقاف ایڈمنسٹریٹر راجوری اور چیئرمین اوقاف اسلامیہ شاہدرہ شریف کے عہدہ پر بھی فائض ہیں، ان کو ایم ایل سی کی نشست کے لئے نامزد کئے جانے پر خطہ کے پارٹی کیڈر میں کافی ناراضگی بھی پائی جارہی ہے۔کشمیر صوبہ سے پی ڈی پی نے محفوظ نشست پر یاسر ریشی کو دوبارہ سے موقع دیا ہے، وہ 2014میں دو سال کی مدت کے لئے ایم ایل سی بنے تھے۔یاد رہے کہ صوبہ جموں سے پی ڈی پی کے اس سے پہلے 3ایم ایل سی ہیں ، وہیں بھاجپا کے کشمیر سے 2ایم ایل سی ہیں جن کی تعداد اب تین ہوجائے گی