’منی شنکر میری سپاری دینے پاکستان گئے تھے‘ وزیر اعظم نریندر مودی کا کانگریس لیڈر پر سنگین الزام

نیوز ڈیسک
احمد آباد // وزیراعظم نریندر مودی نے کانگریس کے معطل رہنما منی شنکر آئر پر الزام عائد کیاہے کہ وہ ان کی سپاری دینے کیلئے پاکستان گئے تھے تاکہ مجھے راستے سے ہٹا کر پڑوسی ملک کے ساتھ دوستی کی جاسکے۔ شمالی گجرات کے ضلع کے ایک چھوٹے قصبے میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ منی شنکر آئر نے پاکستان کے دورے کے دوران ان کی سپاری دی تھی تاکہ انہیں راستے سے ہٹا کر پڑوسی ملک کے ساتھ امن کے قیام کو یقینی بنایا جاسکے۔نریندر مودی نے کہا ”میرے وزیراعظم بننے کے بعد یہ شخص پاکستان گیا اور وہاں کچھ لوگوں سے ملاقات کی یہ سب چیزیں سوشل میڈیا پر موجود ہیں۔پاکستانی حکام کے ساتھ ملاقاتوں میں مانی شنکر کو یہ بات کرتے سنا جاسکتا ہے کہ جب تک مودی کو راستے سے نہیں ہٹایا جاتا پاکستان اور بھارت کے تعلقات بہتر نہیں ہوسکتے“۔دو روز قبل کانگریس کے رہنما نے نریندر مودی کو” ایک نیچ قسم کا آدمی “قرار دیا تھا۔بھارتی وزیراعظم کا کہنا تھاکہ کانگریس نے منی شنکرکے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی۔مودی نے کہاکہ کانگریس پارٹی اٹکانا،لٹکانا اور بھٹکانا پر یقین رکھتی ہے۔