کشمیر کی صوبائی انتظامیہ کو تیاری کی حالت میں رہنے کی ہدایت وزیر اعلیٰ نے متعلقہ محکموں کو افرادی قوت اور مشینری اہم مقامات پر پہلے سے ہی تعینات کرنے کو کہا

جموں// بھاری برف باری اور بارشوں کی پیشنگوئی کے چلتے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے صوبائی انتظامیہ کشمیر کو ہدایت دی ہے کہ وہ تیاری کی حالت میں رہیں اور ناخوشگوار موسمی حالت کے دوران صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لئے فعال کردار ادا کریں۔وزیر اعلیٰ نے پی ڈی ڈی، آر اینڈ بی، ایم ای ڈی، یو ایل بی، پی ایچ ای، صحت اور دیگر محکموں کو ہدایت دی کہ وہ متحرک ہوجائیں اور افرادی قوت و مشینری کو پہلے سے ہی کام پر لگائیں۔ایک مخصوص ہدایت میں وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ برف ہٹانے کے کام میں کوئی بھی تاخیر نہیں ہونی چاہئے تا کہ عام لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے اہم اور حساس مقامات پر پہلے ہی مشینوں کو تیار رکھنے کی ہدایت دی۔محبوبہ مفتی نے سرینگر میونسپل کارپوریشن اورشہری بلدیاتی اداروں کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ وادی کی اندرونی سڑکوں اور گلی کوچوں سے برف جلد سے جلد ہٹائیں تا کہ پانی جمع نہ ہونے پائے۔ انہوں نے پی ڈی ڈی حکام کو بھی ہدایت دی کہ خراج ہونے والے بنیادی ڈھانچے کو جلد از جلد بحال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صارفین کو شیڈول کے مطابق بجلی فراہم کرنے کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جانا چاہئے۔وزیر اعلیٰ نے سکمز اور ایس ایم ایچ ایس ہسپتالوں کی انتظامیہ کو بھی ہدایت دی کہ وہ ہسپتالوں میں ادویات کا معقول سٹاک رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع ہسپتالوں ، سکینڈری اور ٹرشری کئیر ہسپتالوں میں ادویات کی دستیابی اورڈاکٹروں و نیم طبی عملے کی دستیابی کو بھی ہر صورت میں یقینی بنایا جانا چاہئے۔وزیر اعلیٰ نے ڈویثرنل کمشنر جموں کو ہدایت دی کہ وہ جموں کے برفانی علاقوں میں کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار رہیں تا کہ لوگوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔