مہور پولیس نے جعلی کرنسی کا ریکٹ طشت از بام کیا سرغنہ سمیت 2افراد گرفتار ، 6لاکھ روپے سے زیادہ مالیت کی جعلی کرنسی بر آمد

وزیر احمد خان
مہور// پولیس نے مہور میں جعلی کرنسی کا ریکٹ طشت از با م کر کے6لاکھ روپے سے زیادہ کی جعلی کرنسی بر آمد کی ہے جب کہ سرغنہ سمیت 2افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ ایس ایس پی ریاسی طاہر سجاد بٹ نے یہاں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں بتایا جعلی کرنسی کا یہ ریکٹ6دسمبر کو اس وقت سامنے آیا تھا جب محمد مقبول ولد عبدالرشید ساکنہ سنگڑی تحصیل چسانہ نامی شخص کو جعلی کرنسی کے ساتھ پکڑا گیا تھا ۔اس سے پوچھ تاچھ کے بعد ایس ڈی پی او مہور مجیب الرحمان ،ایس ایچ او چسانہ سب انسپکٹر علی عمران، ہیڈ کانسٹبل محمد اقبال و دیگر اہلکاروں پر مشتمل ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے جعلی کرنسی تیار کرنے کے سرغنہ شوکت احمد ولد عبدالغنی ڈار ساکنہ نو پورہ کلگام حال سدھڑا جموں کو جموں سے گرفتار کر لیاجوکہ وہاں ایک کرایہ کے کمراہ میں رہتا تھا۔ اس کی تحویل سے جعلی کرنسی کے 500روپے کے 1150نوٹ، 200روپے کے 270 نوٹ اور 50روپے کے 19نوٹ برآمد ہوئے جن کی کل مالیت 6لاکھ30ہزار950روپے بنتی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جعلی کرنسی تیار کرنے کا ساز و سامان بھی ضبط کیا گیا ہے ، جس میں ایک کمپیوٹر بمعہ سنٹرل پروسیسنگ یونٹ (CPU)و مانیٹر ، ایک سیکنر ، کے بورڈ ، کاغذ کاٹنے والی مشین ، پیپر کٹر اور فوٹو کاپی کاغذات کا ایک بنڈل شامل ہے ۔