پونچھ وراجوری حدِ پر گولہ باری کا تبادلہ، فوجی اہلکار زخمی

اڑان نیوز
جموں// پونچھ اور راجوری اضلاع میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر گذشتہ رات بھارتی اور پاکستانی افواج کی درمیان گولہ باری کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میںایک فوجی اہلکار زخمی ہوا ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی فوج نے گذشتہ شام پونچھ کے ڈگوار سیکٹر میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارتی فوج کی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔ ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے ہلکے ہتھیاروں کے علاوہ مارٹر گولوں کا بھی استعمال کیا گیا۔ انہوں نے بتایا بھارتی فوج فوجیوں نے گولہ باری کا موثر جواب دیا جو کچھ دیر تک جاری رہی۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے پونچھ کے گلپور سب سیکٹر میں بھی جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ پونچھ کے علاوہ پاکستانی فوجیوں کی جانب سے ضلع راجوری کے بھی متعدد سیکٹروں میں بلااشتعال فائرنگ کی گئی۔ دفاعی ذرائع نے بتایا ’فائرنگ کے تبادلے میں ہمارا ایک فوجی اہلکار زخمی ہوا جس کی حالت خطرے سے باہر ہے‘۔