گورنر نے آرمڈ فورسز فلیگ ڈے میں شرکت کی

جموں//گورنر این این ووہرا نے آج راج بھون میں آرمڈ فورسز فلیگ ڈے تقریب میں شرکت کی ۔اس موقعہ پر انہوںنے کہا کہ آرمڈ فورسز فلیگ ڈے ہمیں بہادر فوجیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوںنے ملک کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی قیمتی جانوں کا نظرانہ پیش کیا۔ انہوںنے آرمڈ فورسز کے رول کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ آرمڈ فورسز جنگ و امن کے موقعوں پر اپنی شجاعت ، بہادری اور نڈر ہونے کا ثبو ت دیتے ہیں۔چیف سیکرٹری بی بی ویاس، گورنر کے پرنسپل سیکرٹری آر کے گوئیل ، پرنسپل سیکرٹری ہوم ، بریگیڈر ( ر) ہر چرن سنگھ ، ڈائریکٹر راجیہ سینک بورڈ میجر جنرل سنیتا کپور (ر) ، کرنل راول سنگھ (ر) ، زیڈ ایس ڈبلیو او ، اونری کیپٹن سنسار چند ، ایم وی سی رشید احمد (ر) ، ایس ایم اس موقعہ پر موجود تھے۔گورنر نے سابق فوجیوں پر زور دیا کہ وہ سماج میں اپنے تجربات کی بدولت لوگوں کو بھائی چارے ،اخوت اور میل ملاپ کا درس دیں۔انہوں نے میجر جنرل سنیتا کپور جو ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ملٹری نرسنگ سروسز کے طور پر سبکدوش ہوئی کو ریاست کے دیہی علاقوں میں خواتین و بچوں کی طبی نگہداشت کے میدان میں کام کرنے کی تلقین کی ۔گورنر نے آنریری کیپٹن سنسار سنگھ ، ایم وی سی اور رشید احمد ، ایس ایم پر زور دیا کہ وہ نوجوانوں بالخصوص لڑکیوں کو آرمڈ فورسز میں بھرتی ہونے کے اہل بنائیں۔گورنر نے بریگیڈر ہر چرن سنگھ سے کہا کہ وہ سال بھر فلیگ ڈے فنڈ جمع کرنے کے سلسلے میں سرکاری و نجی اداروں میں مہم چلائیں تاکہ سابق فوجیوں اور ان کے کنبوں کی بہبودی کے لئے رقومات کئے جاسکیں۔