مقامی عسکریت پسند سرینڈر کریں انہیں روزگار کے مواقعے فراہم کئے جائیں گے:وید

سرینگر//مقامی عسکریت پسندوں کو ایک دفعہ پھر سرینڈر کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے پولیس سربراہ نے کہاکہ بھٹکے ہوئے نوجوان واپس قومی دائرے میں آئیں انہیں روزگار کے مواقعے فراہم کئے جائینگے۔ کولگام پولیس لائنز میں تقریب کے حاشیہ پر ذرائع ا بلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے پولیس سربراہ ڈاکٹر ایس پی وید نے کہاکہ بھٹکے ہوئے نوجوانوں کو راہ راست پر لانے کیلئے اقدامات اٹھائے جار ہے ہیں۔پولیس چیف نے مقامی عسکریت پسندوں کو ایک دفعہ پھر سرینڈر کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے کہاکہ انہیں ہر طرح کی مدد فراہم کی جائے گی ۔ پولیس سربراہ ڈاکٹر ایس پی وید نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے لخت جگروں کو واپس قومی دائرے میں لانے کیلئے آگے آئیں تاکہ اُن کی زندگیوں کو ضائع ہونے سے بچایا جاسکے۔ انہوںنے کہاکہ جموںوکشمیر پولیس ریاست خاص کرو ادی کشمیر میں حالات کو معمول پر لانے کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ کنڈ کولگام میں جھڑپ کے دوران مقامی عسکریت پسند گولیاں لگنے کے نتیجے میں زخمی ہوا، پولیس نے جنگجو کو علاج ومعالجہ کی خاطر اسپتال میں بھرتی کیااور اب وہ خطرے سے باہر ہے ۔ انہوںنے کہاکہ مقامی نوجوانوں کو ورغلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ پولیس چیف کے مطابق امن و امان میں رخنہ ڈالنے ، نوجوانوں کو تشدد کیلئے اکسانوں والوں کو کسی بھی صورت میں بخشا نہیں جائے گا۔ کولگام میں تعینات پولیس آفیسروں کی تعریف کرتے ہوئے پولیس چیف نے بتایا کہ سال 2016کی عوامی ایجی ٹیشن کے دوران کولگام ضلع سب سے زیادہ متاثر رہا تاہم اس کے باوجود بھی آج کولگام ضلع میں حالات پوری طرح سے قابو میں ہے اور لوگ امن و امان کی بحالی کیلئے پولیس کو اپنا تعاون فراہم کر رہے ہیں۔ جموںوکشمیر پولیس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے پولیس چیف ایس پی وید نے کہاکہ اس سلسلے میں اقدامات اٹھائے جار ہے ہیں۔