پلوامہ میں ہنگامہ رنگہ مولہ میں جنگجو مخالف آپریشن کے دوران تشدد بھڑک اٹھا

سرینگر//رنگہ مولہ پلوامہ میں جنگجومخالف آپریشن کے دوران تشدد بھڑک اٹھا مشتعل ہجوم کومنتشر کرنے کیلئے اشک آور گیس کے گولے داغے گئے ۔بتایا جارہا ہے کہ پولیس وفورسز نے آس پاس علاقوں کو سیل کرکے فرار ہونے کے راستوں پر پہرے بٹھا دئے ۔ دفاعی ذرائع نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ پلوامہ قصبہ سے چھ کلومیٹر دوری پر واقع گائوں رنگہ مولہ میں عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا گیا جس دوران نوجوانوں نے سنگباری کی ۔ دفاعی ذرائع کے مطابق تلاشی آپریشن جاری ہے اور آس پاس علاقوں میںخصوصی جنریٹر نصب کئے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق عسکریت پسندوںکی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد 55آر آر ، 183بٹالین سی آر پی ایف اور ایس اوجی پلوامہ نے مشترکہ طورپر رنگہ مولہ پلوامہ گائوں کو جونہی محاصرے میں لے کر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا اس دوران لوگ گھروں سے باہر آئے اور احتجاجی مظاہرئے کئے ۔ سیکورٹی فورسز نے احتجا ج کر رہے لوگوں کو منتشر کرنے کیلئے اشک آور گیس کے گولے داغے جس کے نتیجے میں رنگہ مولہ پلوامہ اور اُس کے ملحقہ علاقوں میںافراتفری مچ گئی اور خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا ۔ نمائندے کے مطابق فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ آس پاس علاقوں میں بھی پھیل گیا ۔ دفاعی ذرائع کے مطابق مصدقہ اطلاع موصول ہوئی ہے کہ رنگہ مولہ پلوامہ گائوں میں کئی عسکریت پسند چھپے بیٹھے ہیں جنہیں مار گرانے کیلئے جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا گیا ۔ دفاعی ذرائع کے مطابق تلاشی آپریشن کے دوران فورسز پر پتھراو کیا گیا تاہم سیکورٹی فورسز نے صبر وتحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہلکالاٹھی چارج کیا ۔ دفاعی ذرائع کے مطابق جنگجو مخالف آپریشن جاری ہے اور آس پاس علاقوں میں جنریٹر نصب کرکے فرار ہونے کے راستوں پر پہرے بٹھا دئے گئے ہیں۔