گندوکے کاکو گاؤں میں آگ کی پراسرار واردات 3منزلہ رہائشی مکان جل کر خاکستر،لاکھوں کی مالیت کا سامان تباہ، 1نوجوان زخمی

اشتیاق ملک
گندو// سب ڈویژن گندوکے گاؤں کاکو ہلوڑ میں پیش آئی آگ کی پراسرار واردات میں تین منزلہ رہائشی مکان جل کر خاکستر ہوا جبکہ بچاؤ کارروائیوں کے دوران ایک نوجوان زخمی ہو گیا ۔اس دوران ایک گائے جل کر ہلاک ہو گئی اور لاکھوں کی مالیت کا سامان تباہ ہوا ۔ ایس ایچ او گندوہ عنائت حسین نے بتایا کہ اتوار کی صبح5بجے کے قریب ارشد حسین ولد عبدالر شید شیخ ساکنہ کاکو کے تین منزلہ مکان میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگ گئی اور آنا ً فاناً پورا مکان اس کی لپیٹ میں آگیا۔اس دوران مقامی لوگ موقع پر پہنچے اور بچاؤ کاروائےاں شروع کیں ۔ پولیس کی ٹیم ورضاکار تنظیمیں بھی جائے واردات پر پہنچیں اور امدادی کارروائےاں شروع کیں۔موقع پر موجود لوگوں نے ارشد حسین ودیگر افراد خانہ کو صیح سلامت باہر نکالا تاہم گھر میں موجود تمام سازوسامان جل کر راکھ ہوا وہیں ایک گائے بھی ہلاک ہوئی۔ایس ایچ او نے مزید بتایا کہ ایک مقامی جوان عشرت حسین ولد غلام رسول بچاؤ کاروائی کے دوران چھت سے گر گیا جس دوران مقامی لوگوں وپولیس کے ایک اہلکار نے اپنی جان کو خطرے میں ڈالتے ہوئے اسے باہر نکالا اور جس کے نتےجے میں مذکورہ نوجوان بری طرح جھلس گیا ۔انہوںنے کہا کہ اسے ضلع ہسپتال ڈوڈہ منتقل کیا گیا ہے۔