روڑ سیفٹی آڈٹ ناگزیر:دویندر رانا دیہی علاقوں میں معقول ٹرانسپورٹ دستیاب رکھنے پرزور

اڑان نیوز
جموں//نیشنل کانفرنس صوبائی صدر دویندر سنگھ رانا نے سڑک حادثات میں روز افزوں ہورہے اضافہ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناقص ٹریفک نظم ونسق ، تیز رفتاری اور بے احتیاطی سے گاڑی چلانے کے لئے متعلقہ افسران پر ذمہ داری عائد کی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ دیہات میں ٹرانسپورٹ گاڑیوں کی کمی سے اوورلوڈنگ ہوتی ہے نتیجہ کے طور پر دلخراش سڑک حادثات رونما ہورہے ہیں ۔ بیرپور وجے پور میں پیر کی صبح ہوئے حادثہ کے زخمی ہوئے افراد کے رشتہ داروں کے ساتھ گورنمنٹ میڈیکل کالج اسپتال جموں میں تبادلہ خیال کرتے ہوئے رانا نے کہاکہ ہم ناقص نظم ونسق اور دیگر عوامل کی وجہ سے سڑک حادثات میں لوگوں کو مرتے اور زخمی ہوتے نہیں دیکھ سکتے۔ انہوں نے ڈاکٹروں سے زخمی ہوئے افراد کی صورتحال بارے پوچھا اور کہاکہ انہیں مفت بہتر سے بہتر علاج فراہم کیاجائے۔ دویندر سنگھ رانا نے کہاکہ اسمبلی حلقہ نگروٹہ کے دیہات میں مسافر ٹرانسپورٹ کی کافی کمی ہے جس سے تیز رفتاری اور اوورلوڈنگ ایک معمول ہے۔ این سی ریاستی نائب صدر ٹھاکر کشمیرا سنگھ ،دین محمد اور رشیدہ بیگم بھی ان کے ہمراہ تھیں، جنہوں نے اسپتال میں کافی وقت گذارا اور زخمیوں کے رشتہ داروں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ رانا نے کہاکہ روڑ سیفٹی کا آڈٹ ہونا چاہئے۔ دور دراز علاقہ جات، دیہات میں مختلف روٹوں پر زیادہ سے زیادہ ٹرانسپورٹ گاڑیاں چلائی جائیں۔ ساتھ ہی ٹریفک قواعد وضوابط پر بھی عمل آوری کو یقینی بنایاجائے۔