گندومیں پولیس نے کبڈی ٹورنا منٹ کا انعقادکیا صاف معاشرہ تعمیر کرنے میں لوگ تعاون کریں:اے ایس پی نوجوان کھیل کود کی طرف توجہ دیں:دلیپ سنگھ

اشتیاق ملک
گندو// ضلع پولیس کی جانب سے سیوک ایکشن پروگرام کے کبڈی ٹورنا منٹ کا انعقاد کیا گیا جس کا افتتاح ایس پی ونے کمار نے ایس ڈی پی او سنی گپتا کی موجودگی میں ایس ایس پی ڈوڈہ محمد شبیر کی ہدائت پر ہیلی پیڈ گندو پرکیا۔اس موقع پر ممبر اسمبلی بھدرواہ دلیپ سنگھ پریہار نے بطورمہمان خصوصی شرکت کی۔ اس ٹورنا منٹ میں دس ٹیموں نے شرکت کی جس میں فرنڈس کلب چنگا گندو نے گورنمنٹ ہائر اسکنڈری اسکول کلہوتران کو گیارہ پوائنٹس سے شکست دی۔ٹورنامنٹ کے آخر پر منعقد تقریب میں ایس ڈی ایم دلمیر چوہدری ، رینج آفیسر ظفر اللہ شیخ ودیگر آفیسران نے شرکت کی۔اس موقع پر ایم ایل اے نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ آپسی اتحاد کو قائم ودائم رکھتے ہوئے کھیل کود کی طرف زیادہ دھیان دیں۔انہوں نے پولیس کے رول کی سراہنا کرتے ہوئے دیہی علاقوں میں مزید پروگرام منعقد کرنے پر زوردیا۔اے ایس پی ہیڈ کواٹر ونے کمار نے نوجوانوں کو منشیات سے دور رہنے کا مشور ہ دیتے ہوئے ایسے عناصر کو بے نقاب کرنے پر زور دیا جو علاقہ میں منشیات کا کاروبار کرکے نوجوان نسل کو تباہی کی طرف دھکیل رہے ہیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صاف وستھرا معاشرہ قائم کرنے میں پولیس کو ہر ممکن تعاون کریں۔آخر پر کھلاڑیوں کو انعامات سے بھی نوازاگیا۔