جموں وکشمیررہبرِ تعلیم ٹیچرز فورم کے انتخابات منعقد… عبدالعزیز چیئرمین ،ونود شرما صدر اور سلیم ساگرجنرل سیکریٹری منتخب

اڑان نیوز
جموں//آل جموں وکشمیر رہبرِ تعلیم ٹیچرز فورم کے انتخابات سنیچروار کو جموں اور سرینگر میں بیک وقت منعقد ہوئے۔ جموں میں چندر بھاگہ ہال اور سری نگر میں بخشی سٹیڈیم میں امیدواروں نے ووٹ ڈالے۔غازی عبدالعزیز نے فورم چیئرمین ، ونود شرما نے ریاستی صدر اور محمد سلیم ساگرنے جنرل سیکریٹری عہدہ کے انتخابات جیت لئے۔ واضح رہے کہ فورم کے الیکشن کمیشن نے مذکورہ الیکشن کیلئے باضابطہ ایک نوٹیفکیشن جاری کی تھی جس کی رو سے چیئرمین عہدے کیلئے پرویز اقبال شاہ اور غازی عبدالعزیز ، اسٹیٹ پریذیڈنٹ کیلئے ونود کمار شرما اور حمایت اللہ وانی اور جنرل سیکریٹری کیلئے قاضی سلیم اور سلیم ساگر نے اپنے نامزدگی کے فارم داخل کئے تھے ۔ اس سلسلے میں الیکشن کمیشن نے الیکشن کیلئے 2 بوتھ جن میں جموں صوبہ کیلئے چندرباغ میونسپل پارک جموں اور صوبہ کشمیر کیلئے بخشی اسٹیڈیم سرینگر مقرر کئے تھے ۔ پولنگ دن کے 11 بجے بیک وقت دونوں صوبوں میں شروع ہوئی اور دن کے 2 بجے اختتام پذیر ہوئی ۔ پولنگ کی شرح 90 فیصد رہی ۔ ووٹنگ کی گنتی مکمل ہونے کے بعد غازی عبدالعزیز ، ونود کمار شرما اور سلیم ساگر کو بالترتیب چیئرمین ، اسٹیٹ پریذیڈنٹ اور جنرل سیکریٹری منتخب قرار دیا گیا ۔ کمیشن کے ممبران نے اعلان کے بعد منتخب شدہ عہدیداران میں باضابطہ طور اسناد تقسیم کئے ۔ اختتام پر منتخب شدہ چیئرمین اور جنرل سیکریٹری نے ضلع ذمہداران اور ورکنگ کمیٹی ممبران کو خطابات سے نوازا اور رہبر تعلیم کی امنگوں پر پورا اترنے کا عہد دہرایا ۔ جموں میں الیکشن نجم الحسن جعفری، گل زبیر احمد، منظور احمد خان اور راجیش سنگھ کی سرپرستی میں ہوا۔ رہبرِ تعلیم اساتذۃ فورم ضلع صدر پونچھ سید شاہ نواز حسین اور زونل صدر سرنکوٹ سید محمد یوسف شاہ نے نئے عہدادران کو مبارک باد پیش کی ہے اور انہیں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے۔ شاہ نواز نے امید ظاہر کی ہے کہ مذکورہ عہدادران رہبرِتعلیم اساتذہ کے مسائل ومطالبات کو اجاگر کرنے میں اہم رول ادا کریں گے۔