امت شاہ کے فرزند اجے شاہ کی کمپنی کا تنازعہ عدالت عظمیٰ کے دو موجودہ ججوں کی سربراہی میں انکوائری کرائی جائے:کانگریس

اڑان نیوز
جموں//آل انڈیا کانگریس کمیٹی(AICC)کے ترجمان ڈاکٹر اجے کمار نے کل یہاں جموں میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بھاجپا کے قومی صدر امت شاہ کے فرزند اجے شاہ کی کمپنی سے متعلق حالیہ تنازہ پر کئے سوال کھڑے کئے۔ انہوں نے کہاکہ پوری قوم الزامات کی سچائی جاننا چاہتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ وزیر اعظم نریندر مودی کو فوری طور پر امت شاہ سے استعفیٰ لیکر عدالت عظمیٰ کے دو موجودہ ججوں کی سربراہی میں آزادانہ انکوائری کرانی چاہئے۔ پریس کانفرنس میں پی سی سی سنیئر نائب صدر شام لال شرما، رمن بھلہ اور رویندر شرما بھی موجود تھے۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی کے متعدد قومی صدور نے ایسے حالات اور الزامات کی مثالیں قائم کی ہیں جن میں جین حوالہ معاملہ میں لال کرشن ایڈوانی، پورتی گھوٹالہ میں بنگارو لکشمن اور نتن گڈکری اور اب امت شاہ شامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بڑے بڑے دعوے کرنے والے نریندر مودی کے لئے یہ امتحان کی گھڑی ہے، انہیں فوری امت شاہ سے استعفیٰ لینا چاہئے۔