بجلی اور نئی و قابلِ تجدید توانائی کے مرکزی وزیر ریاستہ دورہ پروادیو ارد، گورنر اور وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی

نیوزڈیسک
سرینگر//بجلی اور نئی و قابلِ تجدید توانائی کے وزیر مملکت ( آزادانہ چارج ) آر کے سنگھ نے آج یہاں راج بھون میں گورنر این این ووہرا کے ساتھ ملاقات کی ۔ مرکزی وزیر نے گورنر کو ملک بھر میں بجلی کی صورتحال میں بہتری لانے کیلئے مرکزی سرکار کی طرف سے شروع کئے گئے اقدامات کے بارے میں جانکاری ۔ آر کے سنگھ نے خاص طور سے گورنر کو بجلی کی مرکزی وزارت کی طرف سے ریاست جموں کشمیر میں بجلی کے شعبے کو دوام بخشنے کیلئے شروع کئے گئے اختراعی اقدامات کے بارے میں آگاہی دی ۔ گورنر نے مرکزی حکومت کی طرف سے شروع کی گئی مختلف سکیموں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ ریاستی عوام تک پہنچانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ریاست کے دور افتادہ علاقوں تک بجلی سہولیات پہنچانے کیلئے خاطر خواہ اقدامات کئے جانے چاہئیں ۔ وزیر نے ریاست میں صارفین سے حاصل کی جانی والی بجلی فیس اور بجلی خریدنے کی قیمت میں بڑی تفاوت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ریاستی بجلی محکمے پر زور دیا کہ وہ ریاست کے ہر ایک ڈیفالٹر صارف سے بجلی فیس وصولنے کے حوالے سے لازمی اقدامات کریں ۔ بجلی کے مرکزی وزیر مملکت آر کے سنگھ جو وادی کے دورے پر ہیں ، نے کل یہاں وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ ملاقات کی ۔ میٹنگ کے دوران انہوں نے ریاست میں بجلی کی پیداوار اور اس کی تقسیم کاری میں بہتری لانے کے حوالے سے عملائی جا رہی مختلف سکیموں کی عمل آوری پر تبادلہ خیال کیا ۔ وزیر اعلیٰ نے مرکزی وزیر پر زور دیا کہ وہ موسمِ سرما کے پیش نظر ان سکیموں کی عمل آوری میں سرعت لائیں ۔ انہوں نے ریاست میں اے پی ڈی آر پی کو توسیع دینے کا بھی معاملہ ابھارا تا کہ مزید علاقوں کو اس سکیم کے دائرے میں لایا جا سکے ۔ پی ایم ڈی پی کے تحت بجلی پیدا کرنے اور تقسیم کاری پروجیکٹ ، دیہی علاقوں میں نئے پروجیکٹ شروع کرنے جیسے امور بھی زیر بحث لائے گئے ۔ میٹنگ میں جانکاری دی گئی کہ ریاست کے آٹھ اضلاع میں موجود ایسے 102 دیہات میں سے 48 کو اس سال دسمبر تک بجلی فراہم کی جائے گی جو بجلی کی سہولیات سے ابھی تک محروم تھے جب کہ دیگر 54 دیہات میں یہ عمل جاری ہے ۔ بجلی کے وزیر مملکت سید فاروق اندرابی ، پرنسپل سیکرٹری پی ڈی ڈی دھیرج گپتا ، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل اور کئی دیگر افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے ۔