بھدرواہ میں مخلوط حکومت کی اکا ئیاں آمنے سامنے پی ڈی پی ضلع صدر کی قیادت میں ایم ایل اے کے خلاف احتجاج لوگوں کو فرقہ وارانہ بنیادوں پر تقسیم کرنے ومسلم اکثریتی علا قے نظر انداز کرنے کا الزام

اڑان نیوز
بھدرواہ// حکمراں جماعت پی ڈی پی نے بھدرواہ میں بھاجپا ممبر اسمبلی دلیپ سنگھ پریہار کے خلاف زبردست احتجاج کرتے ہوئے اسے ہر محاذ پر ناکام قرار دیا۔ضلع یوتھ صدر پی ڈی پی سجاد میر کی قیادت میں مظاہرین نے مقامی ممبر اسمبلی کے خلاف شدید غم وغصہ کا اظہار کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ایم ایل اے موصوف سیاسی ومذہبی بنیادوں پر عوام کو تقسیم کرنے میں مصروف ہے۔انہوں نے کہا کہ مقامی ایم ایل اے میونسپل کمیٹی بھدرواہ کے کام کاج میں مداخلت کرکے مسلم اکثریتی علاقوں کو نظر انداز کررہا ہے جسے قطعاً برداشت نہیں کیا جائیگا۔پی ڈی پی یوتھ صدر ضلع کی قیادت میں ہوئے مظاہرے میں مقامی لوگوں نے بھی شرکت کی اور ایک جلوس کی شکل میں پاسری بازار سے ہوتے ہوئے سیری بازار اور پھر میونسپل کمیٹی دفتر کے سامنے احتجاج کیا۔انہوں نے الزام لگایا کہ مقامی ایم ایل اے فرقہ وارانہ بنیادوں پر مخصوص طبقہ کو فائدہ پہنچا رہا ہے اور سماج میں انتشار پھیلا رہا ہے۔انہوں نے ریاستی وزیر اعلی محبوبہ مفتی سے ذاتی مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے مقامی ممبر اسمبلی پر لگام کسنے کامطالبہ کیا۔مظاہرین نے انتباہ دیا کہ اگر ایم ایل اے کا یہ رویہ جاری رہا تو وہ بڑے پیمانہ پر پورے اسمبلی حلقہ میں احتجاجی مظاہرے شروع کریں گے ۔اس موقع پر رضوی مہتا،بوبی خان ، ارشد گنائی ، ذیشان،سجاد بٹ وغیرہ نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔