اوڑی سیکٹر میں ایک اور جنگجو ہلاک دراندازی کی کوشش ناکام بنانے کا دعویٰ

 

اڑان نیوز
سری نگر//فوج نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے اوڑی سیکٹر میں دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے ایک درانداز کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ وزارت دفاع کے ترجمان کرنل راجیش کالیا نے خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ اوڑی سیکٹر میں ایل او سی کی حفاظت پر مامور فوجیوں نے جنرل زورآور علاقہ میں پاکستان زیر قبضہ کشمیر سے ایک مسلح جنگجو کو سرحد کے اس پار داخل ہوتے ہوئے دیکھا۔ انہوں نے بتایا کہ جب مذکورہ جنگجو کو ہتھیار ڈالنے کے لئے کہا گیا تو اس نے ایسا کرنے کے بجائے خودکار ہتھیار سے اندھا دھند دفائرنگ شروع کردی۔ راجیش کالیا نے بتایا کہ جنگجو کی فائرنگ کے بعد طرفین کے مابین گولہ باری کا تبادلہ ہوا جس میں مذکورہ غیرملکی جنگجو کو ہلاک کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ علاقہ میں تلاشی آپریشن بدستور جاری ہے۔ اس دوران فوج کی شمالی کشمیر نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک ٹویٹ میں کہا ’بھارتی فوج نے اوڑی سیکٹر میں دراندازی کی کوشش ناکام بنادی۔ ایک دہشت گرد کو ہلاک کیا گیا۔ آپریشن جاری ہے‘۔ ریاستی پولیس نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک ٹویٹ میں کہا ’بارہمولہ کے لاچھی پورہ بونہار میں ایل او سی پرفوج کے ساتھ تصادم میں مبینہ طور پر ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا ہے‘۔ اس سے قبل فوج نے اتوار اور پیر کے روز بارہمولہ کے کلگائی اوڑی میں چار پاکستانی جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا۔