صوبہ جموں کے ضلع ایس پیز اور رینج ڈی آئی جیز کی میٹنگ وزیر اعلیٰ نے صدارت کی ، پولیس افسران کو لوگوں تک مزید پیشہ وارانہ طریقے سے پہنچنے کی تلقین منشیات کے دھندے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت

جموں// وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے عوام خدمات کی فراہمی میں رشوت خوری کے حوالے سے زیرو ٹالرنس اختیار کرنے کے اعادے کو دہراتے ہوئے پولیس سے کہا ہے کہ وہ مزید پیشہ وارانہ طریقے پر لوگوں تک پہنچے تا کہ اُن کے بالخصوص دور افتادہ اور پہاڑی علاقوں میں لوگوں کے مسائل حل کئے جاسکیں۔ جموں صوبے کے رینج ڈی آئی جیز اور ضلع ایس پیز کی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے پولیس افسروں سے کہا کہ وہ کمیونٹی اور سوشل پولیسنگ کے پیشہ وارانہ طریقے کار کو اختیار کر کے مشکلات اور مصیبتوں میں پھنسے لوگوں کی راحت رسانی کریں۔ انہوں نے ضلع ایس پیز سے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ اُن کے حد اختیار میں کام کر رہے افسر اور کانسٹبل مزید تندہی اور لگن کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی شخص کے خلاف رشوت خوری کی جائیز شکایت کو سنجیدگی کے ساتھ لیا جانا چاہئے۔محبوبہ مفتی نے ضلع ایس پیز کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو بھی یقینی بنائیں کہ کوئی بھی فرد، طبقے یا گرو¿پ کو تحقیقات کے دوران یا امن و قانون کی معمول کی صورتحال خاص طور سے مویشیوں کی نقل و حمل کے دوران غیر ضروری طور ہراساں نہیں کیا جانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ایمانداری اور پیار محبت کا طرز عمل اختیار کر کے پولیس نہ صرف لوگوں کا اعتماد حاصل کرے گی بلکہ اس کے وقار اور عزت میں اضافی ہوگا۔وزیر اعلیٰ نے نشیلی ادویات کو سماج اور حکومت کے لئے ایک بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے پولیس کو ہدایت دی کہ وہ اس بدعت کو ختم کرنے اور اس کی ٹرانسپورٹیشن پر قابو پانے کے لئے خاطر خواہ اقدامات کریں۔ انہوں نے نشیلی ادویات کے دھندے میں لمبے عرصے سے ملوث افراد کے خلاف پی ایس اے لگانے کی بھی صلاح دی۔انہوں نے متاثرہ نوجوانوں کی باز آباد کاری کے لئے ڈرگ ڈی ایڈکشن مراکز قائم کرنے کا بھی مشورہ دیا۔محبوبہ مفتی نے خاص طور سے پونچھ،راجوری، جموں اور دیگر اضلاع میں نشیلی ادویات کے دھندے کے حوالے سے رائے طلب کی۔انہوں نے اس بدعت پر قابو پانے کے لئے ہر ضلع میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کی بھی ہدایت دی۔انہوں نے ضلع ایس پیز سے کہا کہ وہ اپنے اپنے ضلع کے دور افتادہ علاقوں میں لوگوں کے مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کرنے کے لئے وقتاً فوقتاً وہاں کا دورہ کریں۔ انہوں نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ مختلف طبقوں کے لیڈروں کے ساتھ متواتر رابطہ بنائے رکھیں تا کہ حساس علاقوں میں امن و قانون برقرا رکھا جاسکے۔ انہوں نے خاص طور سے کٹھوعہ، سانبہ، اودہمپور، رام بن اور ڈوڈہ کے ضلع ایس پیز کو ہدایت دی کہ وہ قومی شاہراہ پر ٹریفک کی آزادانہ نقل و حمل کو یقینی بنائیں اور کسی بھی حادثے یا ایمرجنسی کی صورت میں درماندہ مسافروں کی مدد کے لئے حاضر رہیں۔وزیر اعلیٰ نے ٹنلوں، مذہبی مقامات اور دیگر حساس مقامات پر کٹری نگاہ رکھنے کی بھی ہدایت دی۔ انہوں نے خواتین کے خلاف بڑھتے جرائم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ضلع ایس پیز سے جموں صوبے میں پچھلے برس مختلف مقامات پر خواتین کے لئے قائم کئے گئے پولیس سٹیشنوں کے کام کاج کے بارے میں جانکاری حاصلکی۔انہوں نے ضلع ایس پیز کو ہدایت دی کہ وہ خواتین کے خلاف گھریلو تشدد، چھیڑ چھاڑ اور دیگر جرائم میں ملوث لوگوں کے خلاف سخت کاروائی کر کے انہیں کیفر کردار تک پہنچائیں۔محبوبہ مفتی نے ضلع ایس پیز سے مزید کہا کہ وہ اپنے اپنے دفاتر میں شکائتی سیلوں کو مزید فعال بنا کر عوامی مفادات کے معاملوں کی با ضابطہ تیزی سے جانچ کریں۔وزیر اعلیٰ نے اس موقعہ پر رہایش، عبور ومرور اور دیگر معاملات کی پیش رفت کا بھی جائیزہ لیا۔ انہوں نے ضلع ایس پیز کو ہدایتدی کہ وہ موثر ڈھنگ سے اپنی افرادی قوت کو بروئے کارلائیں تا کہ اپنے اپنے علاقوں میں ٹریفک کی گنجانئت کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ ٹریفک قوانین کی پاسداری بھی ممکن ہوسکے۔انہوں نے ڈی جی پی سے کہا کہ وہ اُن پولیس اہلکاروں کے بچوں کے التواءمیں پڑے معاملات کی تفصیل پیش کریں جو پولیس اہلکار کاروائی کے دوران شہید ہوئے ہیں اور یہ کہ جن کے حق میںمالی یا کسی دوسری قسم کی مدد واگذار کی جاسکتی ہے۔اپنے خطاب میں نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے پولیس فورس کے رول کی تعریف کرتے ہوئے ضلع ایس پیز سے کہا کہ وہ صورتحال پر کڑی نظر گذررکھیں۔ انہوں نے اپنے اپنے علاقوں میں سیکورٹی ایجنسیوں کے بہتر تال میل کی ضرور ت پر زور دیا۔اس سے قبل ڈی جی ڈاکٹر ایس پی وید نے وزیر اعلیٰ کو سرحدی علاقوںکی صورتحال، امن و قانون کی صورتحال کے علاوہ ضلع میں جرائم اور نشیلی ادویات کی صورتحال کے بارے میں جانکاری دی۔ انہوں نے کہا کہ اس سال کے8 ماہ کے دوران پولیس نے وزیر اعلیٰ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے40کلو ہیروئین،580 کلو چرس،142 کلو گانجا اور مختلف اقسام کے 60 ہزات کیپسول صوبے کے مختلف حصوں سے ضبط کئے۔میٹنگ میں رینج سطح پر فورینسک لیبارٹریاں قائم کرنے، سرحدی علاقوں میں بنکر تعمیر کرنے، نئے قائم کئے گئے اضلاع میں افرادی قوت کی قلت کو دور کرنے، کنڈم گاڑیوں کی نیلامی،ٹریفک قوانین میں ترامیم اور جرمانہ میں اضافہ، کریمنل جسٹس نظام میں بہتری لانے اور جیلوں میں قید افراد کے بیان ریکارڈ کرنے کے لئے ویڈیو کانفرنسنگ کو بروئے کار لانے جیسے معاملات بھی زیر بحث لائے گئے۔وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل، جموں زون کے آئی جی پی ایس ڈی ایس جموال، آئی جی پی سی آئی ڈی عبدالغنی میر، رینج ڈی آئی جیز اور جموں صوبے کے تمام اضلاع کے ایس پیز بھی میٹنگ میں موجود تھے۔