فوج کی جانب سے ڈوڈہ مین منعقدہ انٹر ولیج کبڈی ٹورنا منٹ اختتام پذیر

محمد اصغر بٹ
ڈوڈہ//انڈین آرمی کی جانب سے سپورٹس سٹیڈیم ڈوڈہ میں منعقدہ چار روزہ انٹر ولیج کبڈی ٹور نا منٹ منگل کے روز اختتام پذیر ہوگیا جس میں ینگ سٹار بھالہ نے ڈودہ بْلز کو 50 کے مقابلے 22 پوائنٹس کے ساتھ شکست دی۔ فائنل مقابلے میں ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ بھوانی رکوال مہمان خصوصی تھے جبکہ اْن کے ہمراہ کمانڈنگ آفیسر10آر آر ڈوڈہ و دیگر فوجی آفیسران بھی موجود تھے۔ فائنل کا خطاب جیتنے والی ٹیم کو15 ہزار کی انعامی رقم کے ساتھ خطابی ٹرافی اور میڈل ، دوسرے مقام پر رہنے والی ٹیم کو10 ہزار روپے انعامی رقم کے ساتھ میڈل ٹرافی اور تیسر ے مقام پر رہنے والی ٹیم کو5 ہزار روپے کی انعامی رقم پیش کی گئی۔ انٹر ولیج کبڈی لیگ میں16 ٹیموں کے کْل 192 کھلاڑیوں نے شرکت کی ۔کبڈی گراؤنڈ کے لئے آرمی کی طرف سے عالمی سطح کے میٹ کے علاوہ معیاری ساز و سامان بھی فراہم کیا گیا تھا ۔ ضلع ڈوڈہ کے اطراف و اکناف سے16ٹیموں کی رنگ برنگی وردی نے سپورٹس سٹیڈیم کو رنگوں میں نہلا دیا تھا۔یہ ٹورنا منٹ4دن تک چلا اور کبڈی فیڈریشن آف انڈیا کے قواعد کے مطابق 20 برس سے کم عمر اور 65 کلو تک وزن کے نوجوانوں نے حصہ لیا ۔اس کبڈی ٹورنامنٹ کا مقصد وادیٔ چناب میں کبڈی کے کھلاڑیوں کو پلیٹ فارم فراہم کر نا تھا۔ اس ٹورنا منٹ کے بہترین کھلاڑیوں کو ریاستی سطح پر منعقد ہونے والی پیر پنجال کبڈی لیگ میں ڈوڈہ کی نمائندگی کریں گے جو یکم اکتوبر سے17 اکتوبر تک منعقد ہو گی۔