خطہ چناب کے سیاحتی مقامات کو فروغ دینے کی غرض سے محکمہ کا انوکھا قدم ریاست وبیرون ریاست کے بائیک سواروں کو خطہ کے خوبصورت جگہوں کی سیر پر روانہ کیا

اصغر بٹ
ڈوڈہ//صوبہ جموں کے سیاحتی مقامات کو فروغ دینے کی غرض سے گزشتہ روز جموں سے موٹر سائیکل سوار کی ریلی کو ممبر پارلیمنٹ جوگل کشور نے ہری جھنڈی دکھائی تھی اور مختلف اضلاع کے سفر پر روانہ کیا تھا اس دوران ان بائک سواروں نے وادی چناب کے تین اضلاع کے سیاحتی مقامات کا بھی دورہ کرنا ہے جس میں وہ پتنی ٹاپ سے ہو کر بھدرواہ کے مشہور مقامات کا سفر کرکے سیاحوں کو یہاں پر سیر وتفریح کرنے کے لئے مدعو کریں گے ۔موٹر سائیکل سوار جو ملک کے مختلف ریاستوں سے آئے ہوئے ہیں جن میں صوبہ جموں کے بائک سوار بھی شامل ہیں۔اِن بائیک سوار کی ریلی آج ضلع صدر مقام ڈوڈہ میں پہنچی جہاں پر ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ نے واپسی کی جھنڈی دکھا کر کشتواڑ کی جانب روانہ کیا۔جموں سے تعلق رکھنے والے بائیک سوار نے اْڑان سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اْنہوں نے اپنے چند دوستوں کے ساتھ اس ریلی میں شرکت کی ہے جس کو محکمہ ٹورازم کے اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے تاکہ صوبہ جموں کے اندر سیاحوں کی نظروں سے اوجھل سیاحتی مقامات سیاحت کے نقشہ میں لایا جا سکے اور بیرون ریاست کے لوگ یہاں آکر قدرت کی حسین وادیوں میں سیر و تفریح کر سکیں۔اس موقع پر بائیک سواروں نے بھدرواہ شہر کو چمکتا ہوا علاقہ بتاتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس جگہ پر بہت ہی سکون ملا جہاں چاروں طرف ہریالی ہی ہریالی ہے اور یہاں دوبارہ آنے کی خواہش ظاہر کی۔ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ بھوانی رکھوال نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ موٹر سوار جو مختلف ریاستوں سے آکر یہاں پر سیاحوں کی نظروں سے اوجھل مقامات کو نقشہ میں لانے کی غرض سے آئے ہیں اِن کو محکمہ سیاحت کے اشتراک سے ریلی کا اہتمام کیا گیا ہے اور دوران سفر تمام اخراجات محکمہ کی طرف سے کئے جا رہے ہیں تاکہ یہاں سیاحتی مقامات کو فروغ مل سکے۔اس موقع پر محکمہ سیاحت کے اے۔ڈی شازیہ رحمان بھی موجود تھیں ۔اْنہوں نے بائیک سواروں سے کہا کہ وہ آئندہ بھی یہاں کا رْخ کریں جس دوران اْن کو سیاحتی مقام لال درمن بھی لے جایا جائے گا ۔