دو ہفتوں میں2 لاکھ 70 ہزار روہنگیا گھربار چھوڑنے پر مجبور : اقوام متحدہ

رائٹر
جنیوا//اقوام متحدہ کی پناہ گزینوں سے متعلق ایجنسی نے کہا ہے کہ گزشتہ دو ہفتوں میں دو لاکھ 70 ہزار روہنگیا پناہ گزیں میانمار سے گھر بار چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور ہوئے ہیں۔ یو این ایچ سی آر نے کل کہا کہ میانمارسے بھاگنے والے اکثر روہنگیا مسلمان بنگلہ دیش میں آئے ہیں۔ یہ لوگ بنگلہ دیش کے دو کیمپوں میں رہ رہے ہیں جہاں ان کی حالت بہت خراب ہے ۔انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کے کاکس بازار کے دو پناہ گزینوں کیمپوں میں 25 ہزار روہنگیا مسلمان 25 اگست سے پہلے رہتے تھے لیکن گزشتہ دو ہفتوں میں پناہ گزینوں کی تعداد یہاں 70 ہزار تجاوزکرگئی ہے ۔ لوگوں کو وہاں رہنے کے لئے زمین اور چھتیں کم پڑگئی ہیں۔آنے والے پناہ گزینوں میں بڑی تعداد خواتین کی ہے ۔ وہ بہت سے نوزائیدہ بچوں کے ساتھ آئی ہیں جو بھوکے اور کمزور ہیں۔ اقوام متحدہ کا اندازہ ہے کہ جان بچاکر بھاگنے والے لوگوں کی تعداد تین لاکھ تک پہنچ سکتی ہے ۔