ہانجورہ نے بڈگام میں شبِ قدر ، جمعتہ الوداع اور عید الفطر کے سلسلے میں کئے جارہے انتظامات کا جائیزہ لیا

اڑان نیوز
سرینگر//زراعت کے وزیر غلام نبی لون ہانجورہ نے کل یہاں ایک میٹنگ کے دوران ضلع بڈگام میں شبِ قدر، جمعتہ الوداع اور عید الفطر کے حوالے سے کئے جارہے انتظامات کا جائیزہ لیا۔رکن قانون سازیہ سیف الدین بٹ، ڈپٹی کمشنر بڈگام محمد ہارون ملک اور مختلف محکموں کے کئی اعلیٰ افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔اس موقعہ پر وزیر نے متعلقہ افسروں سے کہا کہ وہ ضلع کے لوگوں کے لئے ہر طرح کی بنیادی سہولیات دستیاب رکھیں۔ انہوں نے خاص طور سے چرار شریف، پکھر پورہ، مکہامہ اور دیگر مذہبی اہمیت والے مقامات کے اطراف صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔میٹنگ کے دوران وزیر کو بتایا گیا کہ ان مقدس ایام کے پیش نظر ضلع کے ہر ایک راشن کارڈ ہولڈر کو ایک کلو اضافی کھانڈ دی جائے گی۔ انہیں مزید جانکاری دی گئی کہ مارکیٹ چیکنگ سکارڈ کو متحرک کیا گیا ہے تا کہ ناجائیز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی پر قابو پایا جاسکے۔اسی دوران ضلع بھر کے عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ کسی بھی مدد کے لئے ضلع انتظامیہ کی طرف سے قائم کئے گئے ہیلپ لائین نمبرات9419014383,9906621818 اور9469516234 پر رابطہ قائم کرسکتے ہیں۔