کمبلے مستعفی،’کوہلی اور میری شراکت نہیں چل سکتی‘

انڈیا کے سابق کرکٹر اور قومی ٹیم کے کوچ انیل کمبلے اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔ وہ اس عہدے پر ایک سال تک اپنی خدمات انجام دیتے رہے ہیں۔

ان کے مطابق کپتان وراٹ کوہلی اور ان کی شراکت اب کار ساز نہیں رہی ہے اور وراٹ کوہلی کو ان کے کوچنگ کے انداز پر تحفظات ہیں۔

کیا کوہلی اپنے کوچ سے ناراض ہیں؟

انڈیا میں کرکٹ کی نگراں تنظیم بی سی سی آئی نے ہیڈ کوچ کی آسامی کا اشتہار مئی میں شائع کر دیا تھا تاہم ادارے کا کہنا تھا کہ وہ کمبلے کی تعیناتی میں ایک سال کی توسیع کے حامی ہیں۔

اس ماہ انگلینڈ میں کھیلی گئی چیمپیئنز ٹرافی سے قبل کمبلے نے اپنے اور کوہلی کے درمیان کشیدگی کی خبروں کی تردید کی تھی۔

یاد رہے کہ گذشتہ اتوار کو پاکستان نے آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی سنہ 2017 کے فائنل میں دفاعی چیمپیئن انڈیا کو ناقابلِ یقین شکست دے کر پہلی مرتبہ ٹرافی جیت لی تھی۔

انیل کمبلے نے کہا ہے کہ بی سی سی آئی نے ان کے اور کوہلی کے درمیان غلط فہمیوں کو دور کرنے کی کوشش کی ہے تاہم ان کے خیال اب یہ عہدہ چھوڑ دینا ہی درست فیصلہ ہے۔

گذشتہ ماہ سپورٹس صحافی ایاز میمن نے اس حوالے سے مندرجہ ذیل تبصرہ کیا تھا:

انیل کمبلے کو بہت توقعات کے ساتھ مقرر کیا گیا تھا۔ کوچ، کھلاڑی اور کپتان کے طور پر ان کی کارکردگی کے بارے میں سب جانتے ہیں۔

وہ کرکٹ ایڈمنسٹریٹر بھی رہ چکے ہیں۔ انھوں نے کرناٹک کرکٹ ایسوسی ایشن کی ذمہ داری سنبھال چکے ہیں۔ وہ آئی پی ایل بھی کھیل چکے ہیں۔ ان کی عمر اتنی زیادہ بھی نہیں ہے کہ یہ کہا جائے کہ سوچ میں فرق آ گیا ہو اور اس کی وجہ سے کپتان کے ساتھ ان کی نہیں بنتی ہو۔

ان کہانیوں کا آغاز دراصل اس وقت ہوا جب بی سی سی آئی نے چیف کوچ کے لیے درخواستیں طلب کیں۔

سب کو یہ لگا کہ اگر انیل کمبلے نے اتنے اچھے نتائج دیے ہیں تو پھر نیا چیف کوچ کیوں؟