فورسز پر مار پیٹ ، توڑ پھوڑ و آتشزنی کا الزام شوپیاں کے گاﺅں میںلوگوں کے احتجای مظاہرے

اڑان نیوز
سرینگر//شوپیان کے ایک گاﺅں میں فورسز کے ہاتھوں مارپیٹ ، توڑ پھوڑ اور مبینہ آتشزنی کے خلاف لوگوں نے سڑک پر دھرنا دیکرزوردار احتجاجی مظاہرے کئے ۔مظاہرین نے سڑک پر رکاﺅٹیں کھڑی کرکے گاڑیوں کی آمدورفت بھی مسدود کردی اور فوج پر خوف و دہشت پھیلانے کا الزام عائد کیا۔ان کا کہنا تھا کہ فوج اور نیم فوجی اہلکاروں نے پیر کی شب گاﺅں میں داخل ہوکرنہ صرف رہائشی مکانوں اور دیگر تعمیرات بلکہ سڑکوں پر کھڑی گاڑیوں کی شدید توڑ پھوڑ کی اورکئی افراد کابلا وجہ شدید زدوکوب کیا گیا۔لوگوں نے بتایا کہ جب وہ افطار کے وقت مسجد کی طرف جارہے تھے تو فورسز اہلکاروں نے بغیر کسی اشتعال کے ان کے رہائشی مکانوں پر پتھراﺅ شروع کردیا اور راہ چلتے لوگوں کی مارپیٹ کی۔انہوں نے کہا کہ مشتعل اہلکاروں نے زبردست شور شرابا بھی کیاجس کے نتیجے میں وہاں خوف و ہراس پھیل گیا اور خواتین وبچے اپنے گھروں میں سہم کر رہ گئے ۔اسی اثناءمیں کچھ مقامی شہری مسجد میں داخل ہوئے اور وہاں نماز مغرب کے سلسلے میں پہلے سے موجود لوگوں کو صورتحال سے آگاہ کیا۔چنانچہ مسجد کے لاﺅڈ اسپیکر سے نعرے بلند ہوئے اور لوگوں کو گھروں سے باہر آنے کی اپیل کی گئی۔اسی دوران مقامی لوگوں کی ایک بڑی تعداد مسجد کے باہر آئی اور فورسز کے خلاف نعرے بازی کی جس کے بعد فورسز اہلکار وہاں سے نو دو گیارہ ہوگئے۔تاہم مقامی لوگوںنے الزام عائد کیا کہ مشتعل اہلکاروں نے جانے سے قبل سڑک پر کھڑی ایک موٹر سائیکل کو نذر آتش کردیا ۔منگل کو مظاہرین نے کافی دیر تک دھرنا دیا اور نعرے بازی کرتے ہوئے واقعہ میں ملوث اہلکاروں کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ۔