کولگام کی بستی پر فورسز اہلکاروں کی یلغار کا الزام درجنوں گاڑیوں ، مکانات کے شیشے چکنا چور ، علاقہ میں مکمل ہڑتال

اران نیوز
سرینگر//فرصل یاری پورہ کولگام کے لوگوں نے الزام لگایا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے رہائشی بستی میں گھس کر مکینوں کا زد کوپ کرنے کے ساتھ ساتھ قیمتی اشیاءکی توڑ پھوڑ کی ۔ فورسز زیادتیوں کے خلاف مقامی لوگوں نے سڑکوں پر آکر احتجاجی مظاہرئے کئے اور الزام لگایا کہ سیکورٹی فورسز نے جنوبی کشمیر میں لوگوں کے خلا ف اعلان جنگ شروع کیا ہے۔فورسز زیادتیوں کے خلاف فرصل یاری پورہ کولگام میں مکمل ہڑتال رہی ۔ پولیس ذرائع نے مقامی لوگوں کے الزامات کو مسترد کیا ۔ مقامی لوگوں مطابق فورسز اہلکار رات کے وقت رہائشی بستی میں گھس گئے اور نجی گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کی ۔ مقامی لوگوں کے مطابق 13اور 14جون کی درمیانی رات کو سیکورٹی فورسز کے اہلکار فرصل یاری پورہ کولگام بستی میں گھس گئے اور رہائشی مکانات کی توڑ پھوڑ کے ساتھ ساتھ مکینوں کا جانوروں کی طرح زد کوب کیا ۔ مقامی لوگوں نے مزید بتایا کہ بغیر کسی اشتعال کے فورسز اہلکاروں نے رہائشی مکانات کی توڑ پھوڑ کی جس کے نتیجے میں کروڑوں روپیہ مالیت کی املاک کو نقصان پہنچا ہے۔ فورسز زیادتیوں کے خلاف مقامی لوگوں نے سڑکوں پر آکر احتجاجی مظاہرئے کئے اور الزام لگایا کہ منصوبہ بند سازش کے تحت جنوبی کشمیر کے لوگوں کو تشدد کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔ احتجاج کر نے والوں نے مزید بتایا کہ فورسز اہلکاروں نے درجنوں گاڑیوں ، لوڈ کیرئیروں کے شیشے چکنا چور کئے ۔ فورسز کی مبینہ زیادتیوں کے خلاف فرصل یاری پورہ کولگام میں مکمل ہڑتال سے معمولات زندگی ٹھپ ہو کر رہ گئیں اس دوران سرکاری دفاتروںمیں بھی کوئی کام کاج نہیں ہوا۔ دریں اثنا پولیس ذرائع نے مقامی لوگوں کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ فرصل یاری پورہ کولگام میں پولیس یا فورسز کے اہلکاروں نے مکانات کی توڑ پھوڑ نہیں کی ۔ انہوںنے کہاکہ منصوبہ بند سازش کے تحت پولیس اور فوج کو بدنام کرنے کی سازشیں رچائی جار ہی ہیں۔