جموں میں 94.8ملی میٹر بارش ریکارڈ

جموں میں 94.8ملی میٹر بارش ریکارڈ
اہلیان جموں کو حبس بھری گرمی سے راحت
جموں//سرمائی راجدھانی جموں میںمنگل کے روز ہوئی موسلادھار بارش سے اہلیان جموں کو حبس بھری گرمی سے راحت ملی۔صبح ہوئی بارش سے درجہ حرارت میں نمایاں گراوٹ درج کی گئی ۔گذشتہ جمعرات سے سرمائی راجدھانی میں ہوا میں نمی سے لوگوں کو جینا محال ہوکر رہ گیا تھا، حالت اس قدر خراب ہوگئی تھی کہ پنکھے، کولر اور اے سی کام کرنا چھوڑ گئے تھے۔پچھلے دو روز تو ہرسوں لوگ پسینے میں تربتردکھائی دیئے اور روزمرہ کے کاموں کے دوران کافی دشواریوں کا سامنا رہا۔منگل کو صبح پونے سات بجے اچانک موسم آبر آلود ہوگیا اور 7:15صبح زبردست بارش شروع ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صبح8:30بجے تک جموں میں94.8ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جس سے درجہ حرارت 6ڈگری گر کر 22.7ڈگری سیلیس تک پہنچ گیا۔ گذشتہ روز جموں شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت38.2ڈگر ی سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت28.8ڈگری سیلیس تھا جوکہ بالترتیب موسم کے اوسط درجہ حرارت سے 2.3اور3.1ڈگری سیلیس زیادہ تھا۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئند ہ پانچ دنوں کے اندر خطہ میں درمیانہ سے موسلادھار بارشیں ہوسکتی ہیں۔مجموعی طور دن کا زیادہ سے زیادہ درھہ حرارت 38.2اور کم سے کم درجہ حرارت22.7ڈگری سیلیس رہا۔ اس دوران ہوامیں نمی شرح فیصد درج کی گئی۔ موسلادھار بارشوں کی وجہ سے شہر کے نچلے علاقوں میں سڑکوں نے تالابی شکل اختیار کر لی جبکہ کئی مقامات پر پانی دکانوں اور گھروں میں بھی گھس گیا۔