جموں کے ساتھ نا انصافی ہو یہ ہمیںہرگز قبول نہیں:جتندر سنگھ

پی ڈی پی سے الائنس توڑ کر بھاجپا نے مثال قائم کی
جموں کے ساتھ نا انصافی ہو یہ ہمیںہرگز قبول نہیں:جتندر سنگھ
الطاف حسین جنجوعہ
جموں//محبوبہ مفتی قیادت والی مخلوط حکومت کے گرنے کے بعد پہلی مرتبہ مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ نے اپنا ر د عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے الائنس توڑ کر ایک مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جموں خطہ کے ساتھ امتیاز ہو یہ بھارتیہ جنتا پارتی کو ہرگز برداشت نہیں، اسی لئے بی جے پی نے پی ڈی پی کے ساتھ الائنس توڑ دیا۔ انہوں نے دعویٰ کیاکہ بھاجپا نے حکومت گرانے کا جوفیصلہ لیا اس اب تک ریاستی سیاسی تاریخ میں کبھی نہیں دیکھاگیا۔ کٹھوعہ میں پارٹی ورکروں کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر جتندر سنگھ نے کہاکہ ”بی جے پی واحد ایسی جماعت ہے جوترقیاتی ایجنڈہ کو آگے بڑھانے کے لئے کسی بھی حکومت کا حصہ بن سکتی ہے اور اگر یہ ترقیاتی کاموں کی رفتار سے مطمئن نہیں تو اتحاد توڑ بھی سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی کو یہ منظور نہیں کہ وہ جموں خطہ کے لوگوں کے مفادات سے سمجھوتہ کر کے اقتدار میں بنی رہے۔انہوں نے مزید کہاکہ مرکزی سرکار کی طرف سے خطہ کے لئے فراخدالانہ مالی امداد کا سلسلہ جاری ہے۔ ناانصافی صرف ریاستی حکومت کی طرف سے ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر مرکزی سطح پر بھی جموں خطہ سے نا انصافی ہوگی تو وہ بھی حکومت سے کنارہ کشی اختیار کرنے میں گریز نہ کریں گے۔