جموں میں گرمی کاقہر،لوگوں کا جینا محال

جموں میں گرمی کاقہر،لوگوں کا جینا محال
وزیر بجلی کی ہدایات کے باوجود کئی علاقوں میں بجلی کٹوتی
الطاف حسین جنجوعہ
جموں//جموں میں گرمی کا قہر برس رہاہے۔ منگل کے روز اب تک کا سب سے گرم ترین دن رہا۔ جس دوران دن کا درجہ حرارت 43.5ڈگری سیلیس رہا جوکہ معمول سے 4.4ڈگری سیلیس ہے۔آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھی گرمی کی شدت سے کوئی راحت ملنے والی نہیں ہے کیونکہ محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی کے مطابق درجہ حرارت42ڈگری سیلیس سے زیادہ ہی رہے گا۔ درجہ حرارت میں غیر متوقع اضافہ سے انسان وحیوان کا جینا محال ہوکر رہ گیاہے۔منگل کے روز اتنی زیادہ لوچل رہی تھی کہ سڑک پرچلنا بھی مشکل تھا۔ تپش سے جموں شہر کی متعدد سڑکوں پر تارکول بھی پگل گئی اور اس پر پیدل چلنا مشکل ہوگیا۔ جموں یونیورسٹی روڑ پر کئی طلاب کے پاو¿ںسڑک پار کرتے دھنس گئے اور ان سے تارکول چپک گئی ۔شہر کے کئی علاقہ جات میں بجلی کٹوتی بھی کی گئی جس سے لوگوں کا جینا محال ہوگیاہے۔ذرائع کے مطابق درجہ حرارت میں اضافہ کے پیش نظروزیر بجلی نے بجلی کٹوتی کرنے کی ہدایت جاری کی ہے لیکن اس پر عمل ہیں ہورہا۔اس سلسلہ میں چیف انجینئر الیکٹریکل ایم اینڈ آر ای ونگ جموں اشونی گپتا نے باقاعدہ سرکولربھی جاری کیا ہے جس میں کہاگیاہے کہ درجہ حرارت40ڈگری سیلیس سے اوپر چلے جانے سے پیدا شدہ صورتحال کے پیش نظر وزیر بجلی نے ہدایت دی ہے کہ مزید احکامات تک کوئی بھی منصوبہ بند /شیڈیول کٹوتی نہ کی جائے۔ سرکولر میں تمام طرح کا شٹ ڈاو¿ن جس کی منظوری دی گئی تھی ، کوبھی منسوخ کردیاگیاہے لیکن ان ہدایات پر عمل نہیں ہورہا۔دن کے وقت لو بھی چل رہی ہے جس سے باہر نکلنا مزید دشوار ہوگیا ہے۔ شہر جموں میں رنبیر نہر ودیگر نہرو¿ں میں لوگوں، نوجوان، بچوں کا دن بھر تانتا بندھا رہا جوکہ گرمی سے بچنے کے لئے نہرو¿ں میں ڈُبکی لگاتے نظر آئے۔جموں میں ڈاکٹروں نے صلاح دی ہے کہ دن کے وقت باہر نکلنے سے اجتناب برتیں۔موٹرسائیکل اور اسکوٹر چلانے والے کپڑے سے منہ ڈھانپ رکھیں۔ چھاتے کا استعمال کریں، چھوٹے بچوں کو ننگے سر یا ہلکے کپڑے پہنا کر دھوپ میں نہ لیں، چمڑی جلنے کا خطرہ ہے۔ادھر بانہال میں دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت30.1اور کم سے کم 10.9ڈگری سیلیس رہا۔ بٹوت میں31.2، کٹرہ میں40.7ڈگری سیلیس رہا۔ کٹرہ میں معمول سے 5.1ڈگری سیلیس درجہ حرارت زیادہ چل رہاہے جس سے ماتاویشنو دیوی پیدل جانے والے یاتریوں کے لئے بہت مشکل ہورہی ہے۔ گرمی کے قہر سے یاتریوں کی تعداد میں کمی بھی دیکھی جارہی ہے اور زیادہ تر لوگ شام کے وقت ہی جانے کو ترجیحی دے رہے ہیں۔ بھدرواہ میں درجہ حرارت31.7ڈگری سیلیس رہا۔شدت کی گرمی سے روزہ داروں کے لئے بہت زیادہ مشکل ہورہاہے ۔