لال سنگھ کا بھائی راجندر سنگھ اشتہاری ملزم قرار

لال سنگھ کا بھائی راجندر سنگھ اشتہاری ملزم قرار
گرفتاری کے لئے اخبارات میں اشتہار شائع، کئی مقامات پر پوسٹر چسپاں
الطاف حسین جنجوعہ
جموں//20مئی 2018کو رسانہ عصمت ریزی وقتل معاملہ کی سی بی آئی انکوائری کے لئے بھاجپالیڈرچوہدری لال سنگھ کی طرف سے نکالی گئی ’ڈوگرہ سوابھیمان ریلی“ میںوزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے خلاف فعاش زبان استعمال کرنے والے راجندر سنگھ کی گرفتاری کے لئے پولیس نے اشتہار نکالا ہے۔ضلع پولیس ہیڈکوارٹر سے ایک اشتہار نکالاگیاہے جس کو جموں صوبہ سے چھپنے ہونے والے کئی موقر اخبارات میں شائع کروایاگیا۔ اس اشتہار میں کی نمایاں سرخی ’مطلوب ہے‘یعنیWanted۔ اشتہار میں کہاگیا ہے راجندر سنگھ عرف بابی ولدآنجہانی شری سرن سنگھ ساکنہ وارڈ نمبر02کٹھوعہ ایف آئی آر نمبر87/2018زیردفعات501/509ررنبیر پینل کوڈ اور دفعہ66/67انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کے تحت پولیس تھانہ ہیرا نگر میں درج ہے جوکہ اپنی گرفتاری سے بچ رہے ہیں۔ اشتہار میں کہاگیا ہے چونکہ مقدمہ سنگین اور اہم ہے اور ملزم اپنی گرفتاری سے بچ رہاہے، لہٰذا اس کے فوٹوگراف اور دیگر تفصیلات شائع کی جاتی ہیں اور اپیل کی جاتی ہے کسی بھی شخص کو اس کے بارے میں کوئی بھی جانکاری ہو تو وہ ڈسٹرکٹ پولیس لائن کٹھوعہ01922-234010، پی سی آر کٹھوعہ 01922-234311اور پولیس تھانہ ہیرا نگر کو01922-274222فون نمبرات پر مطلع کرے ۔ [email protected]پر بھی میل کر کے بھی جانکاری دی جاسکتی ہے۔ مع تصویر اشتہار میں ملزم سے متعلق جوتفصیلات دی گئی ہیں، اس کے مطابق راجندر سنگھ کی عمر48برس، آنکھیں کالی، صحت مند اور جسم کی جسمامت چوڑی بتائی گئی ہے۔ ایس ایس پی کٹھوعہ کے مطابق جانکاری دینے والے کا نام وپتہ راز میں رکھاجائے گا اور اس کو موزوں انعام بھی دیاجائے گا۔ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے خلاف ریلی کے دوران فحاش زبان استعمال کرنے پر ملزم راجندر سنگھ کے خلاف رنبیر پینل کوڈ کی جودفعات لگائی گئی ہیں، ان میں دفعہ509میں عورت کی عصمت کی توہین کرنے والے کو ایک سال کی سزا، جرمانہ یادونوں ہوسکتا ہے۔ دفعہ501کے تحت جرم ثابت ہونے پر ملزم کو سزا 2سال اورجرمانہ یا دونوں ہوسکتے ہیں۔انفارمیشن ٹیکنالوجی کی دفعہ 66کے تحت تین سال تک کی سزا اور پانچ لاکھ روپے تک کا جرمانہ جبکہ دفعہ67کے تحت تین سال کی سزا اور پانچ لاکھ روپے جرمانہ ہے اور جرمانہ دس لاکھ تک بھی کیاجاسکتاہے۔دریں اثناءکٹھوعہ پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لئے کئی اہم مقامات پر پوسٹر بھی چسپاں کئے ہیں۔