سرحدوں پر قیام امن کے لئے مودی حکومت کے پاس کوئی پالیسی نہیں: جی اے میر

یو این آئی
جموں//پردیش کانگریس کمیٹی صدر غلام احمد میر نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی مرکزی حکومت کے پاس پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر قیام امن کے حوالے سے کوئی پالیسی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی نے سنہ 2014 میں عام انتخابات کی مہم کے دوران جموں وکشمیر کے لوگوں سے وعدہ کیا تھا کہ وہ سرحدوں پر امن کی بحالی کو یقینی بنائیں گے۔ جی اے میر نے پیر کے روز یہاں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا ’بی جے پی کے بہت بڑے لیڈر نریندر مودی نے 2014 میں یہاں لوگوں سے کہا تھا کہ آپ مجھے منڈیٹ دیں گے تو ہم سرحدوں پر امن کی بحالی کو ضرور یقینی بنائیں گے۔ مجھے لگتا ہے کہ سرحدوں پر قیام امن کے حوالے سے مودی حکومت کے پاس کوئی پالیسی ہے ہی نہیں۔ ہم توقع رکھتے تھے کہ وہ اپنی پالیسی کا اظہار کریں گے لیکن ایسا نہیں ہوا‘۔