ایک گولی کا جواب دس گولیوں سے دیا جارہا ہے: جتیندر سنگھ

یو این آئی
ادھم پور//وزیر اعظم دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ سرحدوں پر پاکستان کی ایک گولی کا جواب دس گولیوں سے دیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہندوستان کی طرف سے سرحدوں پر تعینات فورسز کو معقول جوابی کاروائی کی مکمل آزادی دی گئی ہے۔ جتیندر سنگھ نے پیر کے روز یہاں نامہ نگاروں کی جانب سے پاکستان کے ساتھ لگنے والی بین الاقوامی سرحد پر بڑھتی ہوئی کشیدگی سے متعلق پوچھے جانے پر کہا ’جہاں تک بھارت کا تعلق ہے۔ ایک گولی کا جواب دس گولیوں سے دیا جارہا ہے۔ بھارت سرکار کی طرف سے فوج اور پیرا ملٹری کو مکمل آزادی دی گئی ہے۔ انہیں معقول جوابی کاروائی کی مکمل آزادی دی گئی ہے‘۔ جتیندر سنگھ نے کہا کہ پاکستانیوں نے رمضان المبارک کے دوران گولہ باری کا سلسلہ جاری رکھ کر ثابت کردیا کہ انہیں رمضان المبارک، قرآن پاک اور اسلام پر ایمان نہیں ہے۔ انہوں نے کہا ’سرحد کے اُس پار سے جو لوگ یہ گولہ باری کررہے ہیںانہوں نے دنیا کے آگے یہ ثابت کردیا کہ انہیں رمضان المبارک، قرآن پاک اور اسلام پر ایمان نہیں ہے ۔ ساری دنیا اس بات کو کھلی آنکھوں سے دیکھ رہی ہے کہ جو ملک اپنے آپ کو پاکستان کہتا ہے ، وہ رمضان کے دوران اس طرح کی ناپاک حرکتیں کررہا ہے‘۔ انہوں نے مزید کہا’ اُس ملک نے اپنے آپ کو اس دعوے کے ساتھ قائم کیا تھا کہ وہ قرآن پاک اور اسلام کے اصولوں پر مبنی ایک نظام اپنے شہریوں کو فراہم کرے گا۔ وہی ملک آج روزوں کے مہینے کے دوران جب قرآن پاک کی ہدایت ہے کہ نہ کسی کے بارے میں برا سوچا جائے، نہ کسی کے بارے میں برا کہا جائے اور نہ کسی کو نقصان پہنچایا جائے، وہ (پاکستان) ہلاکتوں اور تشدد پر آمادہ ہے‘۔