ظلم کے ستائے روہنگیا پناہ گزینوں کو پرامن طور پر رہنے دیا جائے: پی ڈی پی

ظلم کے ستائے روہنگیا پناہ گزینوں کو پرامن طور پر رہنے دیا جائے: پی ڈی پی
اڑان نیوز
جموں//پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے ترجمان اعلیٰ رفیع احمد میر نے کہا کہ روہنگیا پناہ گزینوں کا معاملہ ایک انسانی مسئلہ ہے اور ظلم کے ستائے ان پناہ گزینوں کو سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے تک جموں میں پرامن طور پر رہنے دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر روہنگیا پناہ گزین ریاست کی سیکورٹی کے لئے خطرہ ہوتے تو سیکورٹی ایجنسیوں نے اس کی نشاندہی کی ہوتی۔ پی ڈی پی ترجمان نے دل دہلانے والے آصفہ بانو عصمت دری و قتل کیس کے حوالے سے کہا کہ کیس کی تحقیقات ایک قابل پولیس نے ہائی کورٹ کی نگرانی میں انجام دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کی سی بی آئی انکوائری کی مانگ کسی بھی لحاظ سے درست نہیں ہے۔ مسٹر رفیع نے کہا ’روہنگیا پناہ گزینوں کا معاملہ اس وقت سپریم کورٹ میں ہے۔ وہ ریاست کے کوئی مستقل رہائشی نہیں ہیں۔ جب تک عدالت ان پر کوئی فیصلہ لیتی ہے تب تک انہیں یہاں پرامن طور پر رہنے دیا جانا چاہیے۔ یہ ایک انسانی مسئلہ ہے‘۔ انہوں نے کہا ’یہ ظلم کے ستائے ہوئے لوگ ہیں۔ ظلم کے مارے یہ لوگ یہاں ایک پرامن زندگی گذارنے آئے ہیں۔ میرا ماننا ہے کہ ان کا یہاں رہنا سیکورٹی کے لئے کوئی خطرہ نہیں ہے۔ سیکورٹی ایجنسیاں جیسے پولیس، سی آئی ڈی اور حکومت ہندوستان کی ایجنسیاں یہاں سرگرم ہیں۔ اگر وہ سیکورٹی کے لئے خطرہ ہوتے تو سیکورٹی ایجنسیوں نے یہ بات سامنے لائی ہوتی‘۔ پی ڈی پی ترجمان نے آصفہ عصمت دری و قتل کیس کے بارے میں کہا ’ہمارے پاس بہت ہی قابل پولیس ہے۔ تمام ایجنسیوں نے ہماری پولیس کی قابلیت کا اعتراف کیا ہے۔ ایک قابل پولیس کو چھوڑ کر دوسری ایجنسی کو تحقیقات حوالے کرنے کا مطالبہ صحیح نہیں ہے۔ واقعہ کی تحقیقات ہائی کورٹ کی نگرانی میں ہوئی ہے۔ واقعہ کا چالان عدالت میں پیش ہوا ہے، اگر کسی حلقے کو کوئی شکایت ہے تو وہ عدالت کے سامنے رکھ سکتا ہے۔ تحقیقات کو سی بی آئی کے حوالے کرنے کی مانگ کرنے والے نہ صرف پولیس کی قابلیت کو چیلنج کرتے ہیں بلکہ حالات کو بگاڑنے میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں‘۔