’ضرورت پڑی تو اے کے 47 اٹھائیں گے ‘

’ضرورت پڑی تو اے کے 47 اٹھائیں گے ‘
بار صدر ایڈو کیٹ سلاتھیا کی دھمکی
روہنگیا نہ نکلے تو ہتھیاروں سے بھگائیں گے
یو این آئی
جموں // ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن جموں کے صدر ایڈوکیٹ بی ایس سلاتھیا نے دھمکی دی ہے کہ اگر روہنگیا پناہ گزینوں کو فوراً سے پیشتر شہر بدر نہیں کیا گیا تو جموں کے لوگ ہتھیاروں کا سہارا لیکر ان کو شہر سے نکال باہر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جموں کے نوجوانوں کے ہاتھوں میں آج ترنگا ہے اور اگر انہیں مجبور کیا گیا تو یہ اپنے ہاتھوں میں اے کے 47 اٹھا لیں گے۔ ایڈوکیٹ سلاتھیا نے ان دھمکی آمیز باتوں کا اظہار بدھ کو یہاں بار ایسوسی ایشن کی جانب سے نکالی گئی ترنگا بردار روہنگیا مخالف ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ”جب بھگت سنگھ کو انگریزوں کے خلاف لڑتے لڑتے یہ یقین ہوگیا کہ بر ٹش حکومت ہماری نہیں سن رہی ہے تو انہیں مجبوراً ہتھیار اٹھانے پڑے“۔ انہوں نے کہا’ ’محبوبہ جی، فاروق عبداللہ صاحب ، چھوٹے ان کے بچے عمر جی۔ میں آپ کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ آج جموں کے نوجوان کے ہاتھ میں ترنگا ہے ۔ مزید مجبور مت کرو، اس کے ہاتھ میں اے کے 47 بھی ہوسکتا ہے۔ اس کے ہاتھ میں بم بھی ہوسکتا ہے“۔ ایڈوکیٹ سلاتھیا نے جموں میں مقیم روہنگیا پناہ گزینوں کو دھمکی دیتے ہوئے کہا’ ’اگر روہنگیا پناہ گزینوں کو آپ نے (حکومت نے) جلد از جلد یہاں سے نہیں نکالا تو ہم ہر سامان لیکر ان کو نکالنے کے لئے جائیں گے۔ اگر ہمت ہوگی تو پولیس کو کہنا ہمیں روک لیں۔ سی آر پی ایف کو کہنا ہمیں روک لیں“۔ انہوں نے کہا کہ جموں کے تمام لوگ آج سیاست سے اوپر اٹھ کر ایک پلیٹ فارم پر آگئے ہیں۔ بار ایسوسی ایشن کے صدر نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا نام لیکر کہا ”آج ہماری بہنیں شیرنیاں ہیں۔ اگر ان کو چھوڑ دیں گے تو یہ محبوبہ مفتی کو نوچ لیں گی۔ یہ صرف ایک مثال ہے۔ آپ کو یہاں سے بھاگنے کا موقع بھی نہیں ملے گا“۔ انہوں نے کہا’ ’مجھے 2008 ء(امرناتھ زمین تنازعہ کی ایجی ٹیشن) کی بات یاد ہے۔ محبوبہ مفتی اور فاروق عبداللہ کو تین گھنٹوں تک ائرپورٹ سے باہر نہیں آنے دیا۔ انہیں میٹنگ چھوڑ کر چلے جانے پر مجبور کیا ۔ ہم وہی لوگ ہیں“۔ انہوں نے حکمران جماعت بی جے پی کا نام لیکر کہا ”بی جے پی والو جاگ جاو¿۔ آج روہنگیا بھاگ جاو¿ کا نعرہ لگ رہا ہے اور کل بی جے پی بھاگ جاو¿ کا نعرہ لگے گا“۔