ڈورو اننت ناگ میں خونریز تصادم 2غیر ملکی جیش جنگجو ہلاک اسلحہ و گولی بارو د بر آمد ، ضلع میں مکمل ہڑتال ، انٹرنیٹ سروس و ریل خدمات معطل رہیں

ہلال شاہ
ڈورو//اننت ناگ ( اسلام آباد ) ضلع میں ڈورو علاقہ کے مضافاتی گاؤں ششتر گام میں فوج اور جنگجوں کے مابین معرکہ آرائی کے دوران جیش محمد سے وابستہ 2غیر ملکی جنگجو مارے گئے ۔ ان کے قبضے سے دو اے کے 47 رائفلیں، پستول، گرینیڈ اور دیگر اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق جمعہ دیر شام گئے ششتر گام میں جنگجوؤں کی موجودگی کی ایک مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد 19راشٹریہ رائفلز ،سی آر پی ایف اور ریاستی پولیس کے ایس او جی اہلکاروں نے علاقے کو محاصرہ میں لے لیا ۔ذرائع کے مطابق تلاشی مہم شروع ہوتے ہی وہاں موجود جنگجوؤں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی ۔جواب میں فورسز نے پوزیشنیںسنبھال کر جوابی کارروائی شروع کر دی۔ اس دوران فورسز کی بھاری جمعیت نے گاؤں کو پوری طرح سیل کرکے فرار ہونے کے تمام راستے بند کئے اور صبح صادق ہونے کا انتظار کیا۔ہفتہ کی صبح روشنی کی پہلی کرن زمین سے پڑنے کے ساتھ ہی فوسز اہلکاروں نے دوبارہ آپریشن شروع کر دیا۔ ذرائع نے بتایا کہ مختصر گولیوں کے تبادلہ کے بعد نزدیکی میوہ باغ سے دو جنگجوؤں کی لاشیں بر آمد کی گئی ۔اگر چہ ابتدائی طور پر پولیس نے دونوں جنگجوؤں کا تعلق لشکر طیبہ سے بتایا تھااور ان کی شناخت آصف احمد ملک ساکنہ ویری ناگ اور حیدر ساکنہ پاکستان کے طور پر کی تھی تاہم بعد میں پولیس نے اپنے بیان کی تردید کرتے ہوئے دونوں جنگجوؤں کو غیر ملکی قرار دیتے ہوئے انہیں جیش محمد سے وابستہ بتایا۔ جنگجوؤں اور فورسز کے درمیان تصادم آر ائی کے بعدڈورو ،ویری ناگ ،ششتر گام ،دیالگا م،ٹول پوسٹ اور قاضی گنڈ میں نوجوان سڑکوں پر نکل آئے اور نعرہ بازی شروع کر دی ۔مشتعل مظاہرین نے فورسز پر شدید پتھراؤ کیا جب کہ فورسز نے مظاہرین کو تتر بتر کرنے کے لئے شدید ٹیر گیس شلنگ کی نیز کئی نوجوانوں کو حراست میں لے لیا ۔اس دوران مقامی ذرائع نے بتایا کہ مقامی جنگجوؤں کی ہلاکت کے افواہ کے باعث لوگوں کی ایک بڑی تعداد ، جن میں خواتین بھی شامل تھیں، نے مذکورہ جنگجوؤں کے آبائی گھر کھاگنڈ ویری ناگ کارخ کیا اور احتجاج شروع کیا ۔تاہم بعد میں افواہ جھوٹی نکلنے کے بعد لوگوں نے مہلوک جنگجوؤں کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی ۔ویری ناگ چوک میں بھی لوگوں نے غائبانہ نماز جنازہ ادا کی ۔اس دوران ضلع اننت ناگ میں ہفتہ کو مکمل ہرٹال کی گئی جس کے دوران قصبوں اور تحصیل ہیڈکوارٹروں میں دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہی۔ ضلع میں بیشتر اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل معطل رہا جبکہ سرکاری دفاتر اور بینکوں میں معمول کا کام کاج متاثر رہا۔ ۔انکاؤنٹر کے باعث قصبہ میں ہفتہ کی دوپہر تک موبائیل انٹرنیٹ سروس بند کر دی گئی تھی جبکہ بانہال بارہمولہ ریل سروس بھی معطل رکھی گئی ۔ کشمیر زون کے انسپکٹر جنرل آف پولیس سوئم پرکاش پانی نے کہا کہ ضلع اننت ناگ کے شیشتر گام ڈورو میں چھڑنے والا مسلح تصادم دو عسکریت پسندوں کی ہلاکت پر ختم ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا ’تصادم ختم ہوگیا ہے اور اس میں دو عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔ مسلح تصادم کے مقام سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔ اس میں فورسز کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔