ویٹرنری اور فشریز سائنس میں ملک کی 73زرعی یونیورسٹیوں میںسکاسٹ جموں کودوسرا مقام حاصل کرنے پر ایوارڈ سے نوازاگیا

اڑان نیوز
جموں//نئی دلی//سکاسٹ جموں کو انڈیا کونسل آف ایگریکلچرل ریسرچ کی طرف سے ویٹرنری اور فشریز سائنس میں ملک کی 73 زرعی یونیورسٹی میں سے پی جی سکالرشپ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے کے لئے ایوارڈ سے نوازا گیا۔اس سلسلے میں آج نئی دلی میں ایک تقریب منعقد ہوئی۔یہ ایوارڈ زراعت کے مرکزی وزیر رادھاموہن سنگھ نے سکاسٹ جموں کے وائس چانسلر ڈاکٹر پردیپ کے شرماکو زرعی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلروں کی سالانہ کانفرنس کے افتتاحی اجلاس کے دوران عطاکیا۔گورنر این این ووہرا جو سکاسٹ جموں کے چانسلر بھی ہیں نے یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر پردیپ کے شرما اور یونیورسٹی کے دیگر عملے کو ملک کی 73زرعی یونیورسٹیوں میں دوسرا مقام حاصل کرنے کے لئے مبارک باد دی ہے ۔ واضح رہے کہ یونیورسٹی کے 8ویٹرنری اور فشریز سائنسز کے طلاب نے آئی سی اے آر کے لئے اے آئی ای ای اے ۔ پی جی ۔2017 آن لائن کونسلنگ میں پوسٹ گریجویٹ سکالرشپ حاصل کئے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ آئی سے اے آر نے چار شعبوں میں پروگرام کیٹگری ایوارڈ متعارف کئے ہیں جن میں ایگریکلچرل سائنسز، ہارٹیکلچر اینڈ فارسٹری ، انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اور ویٹرنری اینڈ فشریز سائنسز شامل ہیں۔گورنر نے ان طلاب کو مبارک باد دیتے ہوئے اُن کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیاہے۔