عاشق خان نے آغاسید فضل اللہ الموسوی کے چالیسویں میں شرکت کی

بڈگام //شیعہ فیڈریشن کے صدر عاشق حسین خان نے بڈگام کے معروف عالم دین مرحوم آغاسید فضل اللہ الموسوی کے چالیسیویں میں شرکت کی ۔ان کے ہمراہ شیعہ فیڈریشن کے سرپرست اعلیٰ مولانا سید مختار حسین جعفری بھی تھے۔ اس موقعہ پر عاشق خان نے مرحوم کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ وہ ایک بے مثال شخصیت تھے جنہوںنے مذہبی اور سیاسی طور پر ایسی خدمات انجام دیں جن کی وجہ سے انہیں ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔مرحوم ولایت کے پیروکارتھے اور انہوںنے دینی لحاظ سے قو م و ملت کی خاطرگراں قدر خدمات انجام دیں ۔ وہ اتحاد و بھائی چارے کے بھی داعی تھے جن کی وفات سے پہنچنے والے نقصان کی بھرپائی نہیں ہوسکتی ۔ انہوںنے لواحقین کو تعزیت پیش کرتے ہوئے کہاکہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں اور مرحوم کی روح کی تسکین کیلئے دعاگو ہیں ۔ عاشق خان نے کہاکہ وہ جموں صوبہ کی پوری شیعہ برادری کی طرف سے تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں ۔