تجارتی پھولبانی سے متعلق ضلع وریاستی سطحی تقریب جاوید مصطفی میر نے ریاستی اقتصادیات میں فلوری کلچر سیکٹر کی اہمیت کو اُجاگر کیا

اڑان نیوز
جموں//ڈیزاسٹر مینجمنٹ، امداد و باز آبادکاری اور فلوری کلچر کے وزیر جاوید مصطفی میر نے کل فلوری کلچر کی وزیر مملکت پریہ سیٹھی کے ہمراہ گلشن گرائونڈ پولیس آڈیٹوریم میں کمرشل فلوری کلچر سے متعلق ریاستی و ضلعی سطح کی تقریب میں شرکت کی۔اس موقعہ پر کسانوں کی بہبود ی سے متعلق مشاورتی بورڈ کے وائس چیئرمین دلجیت سنگھ چب ، کمشنر سیکرٹری خورشید احمد شاہ اور کئی دیگر افسران بھی موجود تھے۔تقریب کے دوران وزراء نے نمائش کا بھی افتتاح کیا جس دوران مختلف محکموں نے پھولبانی سے متعلق اپنے سٹال قائم کئے تھے۔جاوید مصطفی میر نے اس موقعہ پر کہا ہے کہ جموں وکشمیر میں پھولبانی کے کافی وسائل موجود ہیں اور حکومت ان تمام وسائل کو بروئے کار لا کر روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے کے لئے جامع کوششیں کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے پارکوں کو بڑھاوا دینے کے لئے کئی اختراعی پروجیکٹ شروع کئے ہیں۔انہوں نے کسانوں سے کہا کہ وہ پھولبانی کو بطور پیشہ اختیار کریں۔پریا سیٹھی نے اس موقعہ پرکہا کہ فلوری کلچر پالیسی اپنانے اور اس صنعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اس سے مزید فائدہ بخش بنایا جاسکے۔انہوں نے ماہرین سے کہا کہ کسانوں کو مرکزی معاونت والی سکیموں سے روشناس کریں اور وقتاً فوقتاً ان کی رہنمائی بھی کریں۔بعدمیں وزراء نے ایک ریفریجریٹیڈ گاڑی کو جھنڈی دکھا کرڈوڈہ کے لئے روانہ کیاجس سے خطے میں پھولوں کی نقل و حمل کے لئے استعما ل میں لایا جائے گا۔