نہرؤں سے فوری طور ملبہ ہٹایاجائے:شیام چوہدری وزیر نے محکمہ آبپاشی اور انسدادِ سیلاب کے کام کاج کا جائزہ لیا

اڑان نیوز
جموں//صحت عامہ ، آبپاشی و فلڈکنٹرول کے وزیر شیام لال چودھری نے ریاست کے لوگو ں کو بہتر آبپاشی سہولیات بہم کرانے کے حکومت کے عزم کو دہراتے ہوئے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ جموں صوبے میں بڑی کنالوں میں سے فوری طور سے ملبہ نکالیں تاکہ پانی کے موثر اخراج کو یقینی بنایا جاسکے۔وزیرموصوف نے یہ ہدایات کل یہاں ایک جائزہ میٹنگ کے دوران دیں جس دوران کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا بھی جائز ہ لیا گیا۔وزیر نے متعلقہ افسروں پر زور دیا کہ وہ کاموں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے ملبہ نکالنے کے کام کی ذاتی طور نگرانی کریں۔انہوں نے کہاکہ صوبے میں تمام تباہ شدہ آبپاشی کنالوں اور ٹیوب ویلوں کی مرمت کی جانی چاہیئے ۔انہوں نے افسروں پر زور دیا کہ وہ لوگوں کی بہبود کو یقینی بنانے کے لئے مزید تن دہی اور لگن کے ساتھ کام کریں۔اس سے پہلے چیف انجینئر نے میٹنگ میںمحکمہ کے کام کاج کا تفصیلی خاکہ پیش کیا۔میٹنگ میں سیکرٹری پی ایچ ای ایم راجو، چیف انجینئر اری گیشن جموں کے علاوہ متعلقہ محکمہ کے کئی اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔