ماروگ میں پسی گر آ ئی، شاہراہ پر ٹریفک معطل سرینگر کی طرف جارہی مال بردار و مسافر گاڑیاں رام بن میں درماندہ

دانش وانی
بانہال//جموں ،سرینگر شاہراہ پر پیر کی سہ پہر ماروگ کے مقام پر گر آئی پسی کی وجہ سے شاہراہ پر گاڑیوں کی آمد و رفت معطل ہو گئی ۔ا ٓخری اطلاعات ملنے تک ملبہ کو ہٹانے کے لئے مشینری لگا کر شاہراہ کو بحال کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی ۔شاہراہ کے اچانک بند ہونے کی وجہ سے جموں سے سرینگر کی طرف جا رہی درجنوں مسافر گاڑیاں رام بن میں درماندہ ہو گئی ہیں ۔ ٹریفک پولیس ذرائع کے مطابق جموں سے سرینگر جانے والا بیشتر ٹریفک نکل چکا تھا کہ سہ پہر 3بجے کے قریب اچانک ماروگ کے مقام پر ایک بھاری پسی گر آئی ۔اُنہوں نے بتایا کہ اس کے بعد رام بن پہنچنے والا گاڑیاں ، جن میں کچھ مسافر گاڑیاں بھی شامل ہیں ، وہیں پر روک دی گئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ پر سے ملبہ ہٹانے کے لئے مشینری لگا دی گئی ہے اور اسے بحال کرنے کے بعد ہی درماندہ گاڑیوں کو آگے بڑھنے کی اجازت دی جائے گی ۔ اس دوران ذرائع نے بتایا کہ مسلسل گر رہے پتھروں،مزید پسی گر آنے کے خطرےاور اندھیرے کی وجہ سے ملبہ ہٹانے کی کوششوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں ۔ واضح رہے کہ ما روگ میں شاہرا کی چار گلیارہ توسیع کے کام کے لئے کی جا رہی کھدائی سے گزشتہ چند ماہ کے دوران کئی مرتبہ بھاری پسیاں گر آئی ہیں اور آمد و رفت معطل ہو ئی ہے ۔