اربوں روپے خرچ کرنے کی باوجود شاہراہ پر بہتر ٹریفک نقل وحمل ہنوز خواب جموں سرینگر قومی شاہراہ کے 189کلومیٹر کی تعمیرکیلئے 8324.93کروڑ روپے مختص واگذار5652.03کروڑ روپے میں سے 5051.97کروڑ خرچ

الطاف حسین جنجوعہ
جموں//جموں سرینگر 295کلومیٹر طویل قومی شاہراہ ”نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا“کی طرف سے اربوں روپے خرچ کرنے کے باوجود یہ بہتر ٹریفک آمدورفت کے قابل نہ بن سکی ہے۔موسم سرمامیں برف باری ہویا پھر موسم گرما کے دوران برسات، کئی کئی ہفتوں تک اس پر ٹریفک مسدود ہوکر رہ جاتی ہے اور ہزاروں بلکہ لاکھوں کی تعداد میں لوگوں کو مشکلات سے گذرنا پڑتاہے۔ 7نومبر2015کو وزیر اعظم ہند نریندر مودی نے سرینگر سے جموں وکشمیر ریاست کے لئے جو80,068کروڑ روپے کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیاتھا، اس میں سے جموں سرینگر قومی شاہراہ کے 189کلومیٹر طویل حصہ کی تعمیر کیلئے 8324.93کروڑ روپے منظور کئے گئے تھے جس میںسے اب تک 5652.03کروڑ روپے واگذار اور 5051.97کروڑ روپے خر چ کئے جاچکے ہیں۔ حیران کن امر ہے کہ جولائی 2011میں شروع ہوئے 9.2 کلومیٹر لمبے چنینی۔ ناشری ٹنل کی تعمیرجس پرکل لاگت3720کروڑ روپے آئی ہے، اور اس کا ا فتتاح2اپریل2017کو وزیر اعظم نریندر مودی نے کیاتھا، پر موجودہ مرکزی حکومت کی طرف سے اعلان کردہ خصوصی 80ہزار کے پی ایم پیکیج میں سے 781کروڑ روپے خرچ کرنے کا دعویٰ کیاگیاہے۔سرکاری اعدادوشمار کے مطابق جموں سرینگر قومی شاہراہ پر پی ایم پیکیج کے تحت جموں سے اودھم پور سیکشن یعنی15کلومیٹر سے67کلومیٹر تک کی تعمیر پر83کروڑ روپے خرچ کئے گئے۔اودھم پور سے رام بن یعنی (67سے89کلومیٹر)تک اور 130سے151 کلومیٹر تک سڑک کی تعمیرکیلئے کل2137کروڑ روپے میں سے ،643.00کروڑ واگذار کئے گئے اور صرف 42.94کروڑ خرچ کئے گئے ۔89کلومیٹر سے 130کلومیٹر تک (جس میں 9کلومیٹر لمبا ٹنل اور دو لین شامل ہیں) سمیت چنینی ۔ناشری ٹنل پروجیکٹ کے لئے 781کروڑ روپے واگذار وخرچ کئے گئے۔ ۔رام بن سے بانہال 151تا187کلومیٹر کے لئے منظور شدہ 1783.42کرو ڑ روپے میں سے 177.51کروڑ واگذار اور خرچ کئے گئے ہیں۔ سرینگر سے بانہال قومی شاہراہ NH-1A(187کلومیٹر سے189.35کلومیٹر اور 220.7سے286.11کلومیٹر)تک کی تعمیر کے لئے 735کروڑتھی، جس پر نظرثانی شدہ قیمت1790.66کروڑ روپے کی گئی اور سبھی خرچ کئے گئے ۔قاضی گنڈ سے بانہال تک قومی شاہراہ کی فورلننگ یعنی 189.35کلومیٹر سے 204.70کلومیٹر جس میں 8.45کلومیٹر ٹنل پروجیکٹ کی تعمیر بھی شامل ہے، پر2176.86کروڑ روپے خرچ کئے گئے۔ یاد رہے کہ پرائم منسٹر ڈولپمنٹ پیکیج کے تحت 19سڑکوں اور ٹنل پروجیکٹوں پر مجموعی طور 42668کروڑ روپے خرچ کئے جانے کا منصوبہ ہے جس میں جموں سرینگر قومی شاہراہ کا کچھ حصہ، جموں اکھنور، ، پونچھ، سرینگر ۔شوپیان، قاضی گنڈ۔ چنینی ٹنل، زوجیلا ٹنل، لچھونگہ پاس اور تگلنگ پاس (منالی۔ لیہہ سیکشن)کی تعمیر شامل ہے۔