اوڑی سیکٹر میں کئی دیہات گولہ باری کی زد میں لوگ محفوظ مقامات کی طرف منتقل 3 رہائشی مکانات کو نقصان،حاجی پیر سیکٹر میں کئی گاؤں عملاً خالی ہو گئے

اڑان نیوز
سرینگر //ٹنگڈاراوراوڑی میں لائن آف کنٹرول کے مختلف سیکٹروں میں ہندوپاک افواج اورنیم فوجی دستوں کے درمیان حالیہ کئی دنوں سے بھاری گولہ باری اورمارٹرشلنگ کاتبادلہ ہونے کے نتیجے میں سرحدی علاقوں میں سخت خوف وہراس کی صورتحال پائی جاتی ہے ،اورایسے پُرخطرعلاقوں سے حالیہ دنوں میں متعددکنبے اپناگھروبارحالات کے رحم وکرم پرچھوڑکراپنی جانیں بچانے کیلئے دوسرے علاقوں میں نقل مکانی کرچکے ہیں ۔منگل کے روزہندوپاک کے نیم فوجی دستوں کے درمیان ٹنگڈارسیکٹر میں فائرنگ اورشلنگ کاتبادلہ ہونے کے دوران ایک فوجی اہلکارایس کے مرموشدیدزخمی ہوگیاتھا،اوراُسکو نازک حالت میں بادامی باغ سرینگرمیں واقع فوجی اسپتال بغرض علاج ومعالجہ منتقل کیاگیاتھالیکن وہ یہاں دودنوں تک موت وحیات کی کشمکش میں مبتلاءرہنے کے بعدجمعرات کی صبح زندگی کی جنگ ہارگیا۔دفاعی ذرائع نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ سپاہی ایس کے مرموکوفوجی اسپتال نازک حالت میں لایاگیاتھالیکن وہ یہاں دم توڑبیٹھا۔خیال رہے بدھ کے روزہندوپاک افواج کے مابین ٹنگڈارسیکٹرمیں شدیدفائرنگ اورشلنگ کے تبادلے میں 2پاکستانی فوجی اورسرحدپارایک عام شہری ازجان ہوگیاتھا۔سرحدی تحصیل ٹنگڈارمیں ہندوپاک افواج کے مابین جاری ٹکراؤ کے واقعات کی وجہ سے حدمتارکہ کے نزدیک واقع آبادی والے علاقوں میں سخت خوف وہراس کی صورتحال پائی جاتی ہے جبکہ سرحدی پٹی میں 5کلومیٹرحدودمیں فوج اورنیم فوجی دستوں نے عام لوگوں کی آزادانہ نقل وحمل پربندشیں عائدکررکھی ہیں ۔کے این ایس کے مطابق اسی طرح کی صورتحال سرحدی تحصیل اوڑی کے کئی سرحدی علاقوں میں پائی جاتی ہے کیونکہ یہاں بھی حاجی پیرسمیت کئی سیکٹروں میں ہندوپاک افواج اورنیم فوجی دستوں کی جانب سے ایکدوسرے کی چوکیوں اورآبادی والے علاقوں میں وقفہ وقفہ سے گولے اورمارٹرشل برسائے جارہے ہیں ۔حاجی پیرسیکٹرکے نزدیک واقع کئی سرحدی دیہات عملاًخالی ہوگئے ہیں کیونکہ کچھ روزقبل یہاں ہندوپاک افواج کے درمیان فائرنگ اورشلنگ کاتبادلہ ہوجانے کے دوران ذوالخانامی خاتون سمیت کئی عام شہری زخمی ہوگئے تھے ۔اس دوران پولیس ودفاعی ذرائع نے بتایاکہ جمعرات کوعلی الصبح پاکستانی فوج نے حاجی پیرسیکٹرکے نزدیک لائن آف کنٹرول پرقائم دفاعی اورنگرانی چوکیوں کونشانہ بنانے کیلئے بلاجوازطورپرفائرنگ اورشلنگ شروع کردی ۔ذرائع نے بتایاکہ تلواری اوڑی میں طرفین کے درمیان ہونے والے فائرنگ اورشلنگ کے نتیجے میں کئی تعمیرات کونقصان پہنچا۔ذرائع کے مطابق پاکستانی فوج کی مارٹرشلنگ کے نتیجے میں تلواری اوڑی میں لسہ نجارولدصبحان نجارکے رہائشی مکان کوشدیدنقصان پہنچا۔انہوں نے کہاکہ مذکورہ رہائشی مکان کوبھاری نقصان پہنچاجبکہ منیراحمداورزیوارابیگم نامی شہریوں کے رہائشی مکانات کوجزوی نقصان پہنچا۔ذرائع نے بتایاکہ تلواری کے علاوہ تھجل نامی سرحدی علاقہ میں بھی پاکستانی فوج کی مارٹرشلنگ کی وجہ سے کئی مکانات کونقصان پہنچاجبکہ علی الصبح گولہ باری اورمارٹرشلنگ ہونے کے نتیجے میں تلواری ،تھجل اوردیگرنزدیکی علاقوں میں سخت تشویش کی لہردوڑ گئی اورلوگ گھروں میں سہم کررہ گئے ۔دفاعی ذرائع نے بتایاکہ پاکستانی فوج کی بلاجوازفائرنگ اورشلنگ کاجب فوج اوربی ایس ایف کے جوانوں نے منہ توڑجواب دیاتوسرحدپارکی بندوقیں خاموش ہوگئیں ۔اس دوران معلوم ہواکہ تازہ گولہ باری اورمارٹرشلنگ کے بعدلوگوں نے تلواری ،تھجل اورچرندانامی سرحدی دیہات سے نقل مکانی شروع کردی ،اوربڑی تعدادمیں مردوزن اوربچے گھربارچھوڑ کرمحفوظ جگہوں کی طرف چلے گئے ۔اوڑی پولیس کے ذرائع نے کئی علاقوں سے نقل مکانی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ انتظامیہ نے سرحدی علاقوں میں ہنگامی صورتحال کااعلان کردیاہے ،اورکئی متاثرہ علاقوں میں لوگوں کونقل مکانی کیلئے تیاری کی حالت میں رہنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے جبکہ لوگوں کوان پُرخطرعلاقوں سے بحفاظت نکالنے کیلئے ایمبولنس گاڑیوں کوتیاررکھاگیاہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ریاستی پولیس نے احتیاطی طور پر چورنڈا، سلکوٹ، تلہ واری، تھجل اور سونی نامی دیہات کے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا ہے ۔ ریاستی پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا ’چورنڈا اوڑی میں پاکستان کی طرف سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی۔ پولیس اور مقامی انتظامیہ لوگوں کو مدد فراہم کرنے میں مصروف ہے‘۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے بھارتی فوج کی اگلی چوکیوں اور سرحدی دیہات کو نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ وزارت دفاع کے ترجمان کرنل راجیش کالیا نے بتایا کہ پاکستان کی طرف سے اوڑی سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ اور مارٹر شلنگ کی گئی۔ انہوں نے بتایا ’پاکستان کی طرف سے فائرنگ کا سلسلہ جمعرات کی صبح آٹھ بجے شروع ہوا۔ یہ سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری ہے۔ ہمارے فوجیوں نے جوابی کاروائی کرکے پاکستانی فوجی بنکروںکو نشانہ بنایا‘۔