کرگل سے ویٹرنری ڈگری یافتہ نوجوانوں کا وفد کوہلی سے ملاقی حکومت ریاست میں رہبر پشو پالن کی تعیناتی پر غور کر رہی ہے:وزیر

اڑان نیوز
جموں//حکومت ریاست میں رہبر پشو پالن کی تعیناتی پر غور کر رہی ہے تاکہ اس سکیم کی رو سے ویٹرنری گریجویٹس کو عارضی بنیادوں پر روزگار حاصل ہوسکیں۔یہ جانکاری کل جموں میں پشو و بھیڑ پالن کے وزیر عبدالغنی کوہلی کی صدارت میں ایک میٹنگ میں دی گئی جس میں محکمہ پشو و بھیڑ پالن کے کئی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر نے متعلقہ افسروں پر زوردیا ہے کہ وہ اس حوالے سے ایک منصوبہ تیار کرکے حکومت کو بھیج دیں۔اس موقعہ پر محکمہ پشو و بھیڑ پالن میں خالی پڑی اسامیوں کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ تمام خالی پڑی اسامیوں کو جلداز جلد بھرتی ایجنسیوں کو ریفر کریں۔میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری بھیر و پشو پالن آ ر کے بھگت کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی موجود تھے۔اس سے پہلے کرگل کے ایک وفد نے بھی وزیر موصوف کے ساتھ ملاقات کی اور اپنے مشکلات کے بارے میں جانکاری دی ۔وفد کے ساتھ بات کرتے ہوئے عبدالغنی کوہلی نے کہا کہ حکومت ریاست کے تمام ویٹرنری ہسپتالوں میں بنیادی ڈھانچے کو بڑھاوا دینے کے لئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے ۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے تمام جائز مطالبات پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا۔